باٹا پور ،بی آر بی نہر سے طالبعلم کی بوری بند لاش برآمد ،شناخت ہو گئی ،اغوا کا مقدمہ درج تھا

باٹا پور ،بی آر بی نہر سے طالبعلم کی بوری بند لاش برآمد ،شناخت ہو گئی ،اغوا ...

لاہور (اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے ) شہر میں بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا، تھانہ باٹاپور کے علاقے بی آر بی نہر سے میٹرک کے طالب علم کی لاش برآمد ہوئی، سکول بیگ سے بچے کی شناخت ہوگئی۔ تھانہ شالیمار میں اغوا کا مقدمہ درج تھا۔ تفصیلا ت کے مطا بق سفاک قاتل نے سر، بازو اور گھٹنے کاٹ کر طالب علم کے باقی دھڑ کو بوری میں بند کیا اور تھانہ باٹا پور کے علاقے میں بی آر بی نہر میں پھینک دیا جہاں مچھلیاں پکڑنے والے بچوں نے اچانک بوری دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر بوری کھولی تو اعجاز یعقوب نام کے پندرہ سالہ طالب علم کا دھڑ برآمد ہوا ،بوری میں اس کا سکول بیگ بھی تھاجبکہ جسم کے دیگر اعضا غائب تھے۔ بیگ سے ملنے و الی کتابوں پر طالب علم کا نام اور ساتھ ہی ایک موبائل فون نمبر بھی درج تھا جس پر رابطہ کرنے سے معلوم ہوا کہ فون نمبر بچے کے ٹیچر کا تھا ۔ٹیچر نے پولیس کو بتایا کہ بچہ دو روز قبل لاپتہ ہوا اور آج اس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شالیمار میں درج کرایا تھا جبکہ فرانزک لیب کے ماہرین نے موقع سے شواہد اکھٹے کرکے لاش کو بھجوادیا۔چند روز قبل تھانہ لٹن روڑ کے علاقہ سے بھی ایک بوری بندلاش ملی تھی جس کا وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیا ہے۔ پو لیس تا حا ل اس کی شناخت بھی نہ کر سکی ہے ۔

مزید : علاقائی