صوبائی دارالحکومت ،چور ڈاکو دندتاتے رہے ،شہری لاکھوں کی نقدی ،زیورات اور گاڑیوں سے محروم
لاہور(وقائع نگار ) صوبائی دارالحکومت میں ڈاکوؤں اورچوروں نے مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں کو لاکھوں روپے کی نقدی ، طلائی زیورات ، قیمتی سامان ، موبائل فون، گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا ۔ذرائع کے مطابق گلشن اقبال کے علاقہ رضا بلاک کے رہائشی لقمان کے گھر مسلح ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یر غمال بنا کرایک لاکھ 57ہزار روپے مالیت کے امریکی ڈالر ،پرائز بانڈ اور زیورات وغیرہ لوٹ لئے۔سبزہ زارمیں ڈاکوؤں نے رحمان جنرل سٹور میں گھس کراڑھائی لاکھ روپے اورموبائل فون، باغبانپورہ میں ڈاکوؤں نے محمود کی دکان میں گھس کر 2لاکھ روپے مالیت ، جوہر ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے منورسے لیپ ٹاپ ،ایک لاکھ روپے اورموبائل فون،شاہدرہ میں ڈاکوؤں نے نیامت سے ایک لاکھ روپے اورموبائل فون ،ہنجر وال کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے اسلم کی دکان میں گھس کر 70 ہزار روپے مالیت کی نقدی و آئی فون چھین لیا ۔ جوہر ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے منصور سے 48ہزار روپے مالیت کی نقدی و موبائل ،فیصل ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے عارف سے 60ہزار روپے مالیت کی نقدی و زیورات لوٹ لئے ۔ علاوہ ازیں قلعہ گجر سنگھ میں صابر ،کوٹ لکھپت میں عمران ، ستوکتلہ میں نبیل ، مصطفی ٹاؤن ،ریس کورس میں مسعود کی گاڑیاں جبکہ لیاقت آباد میں احتشام ،شفیق آباد میں شاہد،ساندہ میں عمار ،باغبانپورہ میں معظم ،گارڈن ٹاؤن میں احمد ،ڈیفنس اے میں شمس ،ستو کتلہ میں مقصود، شاہدرہ ٹاؤن میں سلیم ،اچھرہ میں احتشام ،اسلام پورہ میں عطاء،نولکھا میں شہزاد ،اقبال ٹاؤن میں مظہر، سبزہ زار میں جمیل اورافضل کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں ۔