پٹرول بم حملے میں اسرائیلی فوج کے کنٹرول ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی

پٹرول بم حملے میں اسرائیلی فوج کے کنٹرول ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی

رملہ (آن لائن)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے شمالی قصبے بیت امر میں فلسطینی شہریوں کی طرف سے پھینکے گئے پٹرول بم کے نتیجے میں صہیونی فوج کے کنٹرول ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ٹاور جل کر خاکستر ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بیت امر میں فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کے قائم کردہ ایک کنٹرول ٹاور پر پٹرول بم پھینکے جس کے نتیجے میں ٹاور میں آگ لگ گئی۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی کنٹرول ٹاور میں لگی آگ کے مناظر دکھائے ہیں۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج نے بیت امر میں فلسطینی شہریوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا۔ اسی علاقے میں گذشتہ روز ایک فلسطینی شہری خالد اخلیل نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین صہیونی فوجی زخمی کردیے تھے۔ صہیونی فوج کی جوابی کارروائی میں اخلیل بھی جام شہادت نوش کرگیا تھا۔کنٹرول ٹاور پر پٹرول بم حملے اور آتش زدگی کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔صہیونی فوج نے بیت امر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیمٹی بلاک اور لوہے کی جنگلے کھڑے کرکے انہیں سیل کردیا اور فلسطینی شہریوں کی قصبے میں آمدو ورفت پر پابندی لگا دی۔

مزید : عالمی منظر