کشمیر کی صورت حال کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری طور پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے میرواعظ

کشمیر کی صورت حال کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری طور پر توجہ دینے کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے چیرمین میرواعظ نے گزشتہ دنوں بھارتی فوجی کریکٹ ڈاؤن اور آپریشن توڑ پھوڑ کے دوران کولگام کی ایک 9 سالہ بچی سائقہ کی حرکت قلب بند ہونے کے سبب رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے والدین اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا اور کہا کہ بھارتی فورسز کو حاصل بے پناہ اختیارات کے نتیجے میں وہ کشمیریوں کی نوجوان نسل کو کلی طور پر صفحہ ہستی سے مٹانے کے ایک مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
جس کی طرف انسانی حقوق کی مستند عالمی تنظیموں کو فوری طور پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔شالیمار سرینگر کے نوجوان کو مبینہ طور پولیس ٹارچر اور زبردستی زہر پلانے کے معاملے میں متاثرہ کنبے نے حریت ( ع ) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات کی اور انہیں اس واقعے سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا ۔حریت ( ع ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قیصر حمید لون کے والدین نے میرواعظ عمر فاروق کے ساتھ ملاقات کے دوران اپنی افسوسناک اور غم انگیز روداد سنائی۔ میرواعظ نے قیصر حمید لون کے والدین کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قیصر حمید لون کے ساتھ قاتلانہ سلوک کی سخت مذمت کی اور اس طرح کے واقعات کو ناقابل قبول قرار دیا۔ترجمان نے حریت چیرمین سمیت حریت رہنماؤں مختار احمد وازہ ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کی مسلسل خانہ نظر بندی،بزرگ اور علیل رہنما غلام نبی زکی کو کورٹ بلوال جیل میں مقید رکھنے، کشمیر کے طول و عرض میں سرکاری فورسز کے ہاتھو ں لوگوں کے املاک اور جائیداد کو نقصان پہنچانے، شبانہ چھاپوں میں اندھا دھند گرفتاریوں اور حالیہ گرفتاریوں کے نتیجے میں سینکڑوں نوجوانوں کا مستقبل تاریک بنانے، پلوامہ میں پر امن مظاہرین پر تشدد ڈھانے کے نتیجے میں نصف درجن افراد کو شدید زخمی کر دینے اور طاقت اور تشددکے بل پر عوامی جذبات اور احساسات کو دبانے کی کارروائیوں کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے ان ہتھکنڈوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔حریت( ع ) ترجمان نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ ،جوامریکہ کے حالیہ دورے کے دوران اپنے بھارتی آقاؤں کو خوش کرکے وارد کشمیرہو گئے ہیں، انہیں اب پھر ستم رسیدہ کشمیریوں خاص طور پر طلبا کا دکھ درد تڑپا رہا ہے حالانکہ چند سال قبل انہیں کی سربراہی میں کشمیر میں سو سے زیادہ نوجوانوں خاص طور پر معصوم اور کمسن شہید طفیل احمد متو جیسے طلبا کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا گیا اور جس کے زخم آج بھی کشمیریوں کے دل و دماغ میں تازہ ہیں اب عمر عبداللہ اپنے گمراہ کن بیانات کے ذریعہ حریت قیادت کو مشورہ بھی دے رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حریت چیرمین میرواعظ مولوی فاروق سمیت جملہ حریت قیادت اور سرکردہ مزاحمتی قائدین نے تعلیمی اداروں کی پر اسرار طور پر مسلسل آتشزنی کے واقعات پر گہری فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکی لگاتار مذمت کی ہے اور اس طرح کی کارروائیوں کو رواں تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی ایک مذموم کوشش قرار دیا ہے ۔

مزید :

عالمی منظر -