عمران خان کہیں بھی مکر سکتے ہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان یو ٹرن کے ماہر ہیں،وہ بہت کچھ کہتے ہیں اور کہیں بھی مکر سکتے ہیں مجھے ان پر اعتبار نہیں ہے۔ہم نے 6ماہ پہلیہی عدالت میں درخواست بھیج دی تھی،عمران خان اور دیگر جماعتیں اب ہمارے ہی موقف پر متفق ہوئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق دنیا نیوزکے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ"میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام دھمکیوں کے باوجودشہررواں دواں رہا،عدالت عظمی انصاف کاسب سے بڑا پلیٹ فار م ہے،وہ چند روز سے حالات کا مشاہدہ کر رہی تھی۔برہان انٹر چینج سے پرویز خٹک نے ریورس گیئر لگایاتھا،انہیں خیبر پختونخوا سے لوگ لانے پڑے،شیخ رشید کو باہر نکلنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈویلپمنٹ کوئی اچانک نہیں ہوجاتی،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان خود کفیل ہو لیکن دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان غیر مستحکم ہو جائے۔وزیر اعظم ٹرائیل اور آزمائشوں سے گزر کر ہی یہاں تک پہنچے ہیں،انہوں نے کسی فورم پر ایسا نہیں کہا کہ وہ احتساب دینے کے لئے تیار نہیں ہیں وہ عدالت جانے کے لئے تیار ہیں۔نواز شریف نے پہلے بھی غیر مشروط اور رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کیا تھا۔خواجہ آصف کا مزیدکہنا تھا کہ پرویز رشید کی سبکدوشی مشکل فیصلہ تھا،ان کی جمہوریت کے لئے بڑی قربا نیاں ہیں ، انہوں نے اپنے قائد کے فیصلے کوخندہ پیشانی سے قبول کیا۔ انکوائری رپورٹ میں دیکھا جائے گا کہ خبر لیک کرنے والے رپورٹر کے ذرائع کون تھے؟ متنازعہ خبر کی انکوائری رپورٹ کے آنے پر عمل درآمد ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ختم ہونے میں ابھی ڈیڑھ ماہ باقی ہے ان کی تعیناتی سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔