انا للہ وانا الیہ راجعون
لاہور(نامہ نگار خصوصی ) ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ مجھے حق نہیں کہ تحریک انصاف کے فیصلے پر اپنا ردعمل دوں۔ فیصلہ کرنا عمران خان کا حق ہے۔ ابھی میں کوئی کمنٹس نہیں دے سکتا۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ حکومت ہمیشہ ہر ادارے کے ساتھ کھیلتی رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے اس ماہ ریٹائر ڈہو جانا ہے۔ نئے چیف جسٹس اپنا میکنزم جاری کریں گے، لمبا وقت ہوگا۔ کیا کیا چیف جسٹس کے اختیار میں ہوگا؟ سپریم کورٹ کو حکومت کہاں سے ریکارڈ لا کر دے گی؟ ریکارڈ لانے پر دو سال بھی گزارے جا سکتے ہیں۔ یہ ایسا معاملہ ہے جس کا اختتام نظر نہیں آتا۔ طاہر القادری نے کہا کہ سات ماہ تک ساری جماعتوں نے ٹی او آرز کا کھیل کھیلا۔ اب دوبارہ وہی پارٹیاں ٹی او آرز بنائیں گی تو متفقہ کیسے بنیں گے؟ دعاگو ہوں کہ اللہ کرے کوئی صورت نکل آئے۔ مجھے تو لگتا ہے سارا کچھ گم ہو گیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ایسا معاملہ ہے جس کو قوم بہت دیر تک دیکھے گی۔