جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ اور آئینی اداروں میں ہوتے ہیں :شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے 20 کروڑ عوام کی جیت ہوئی ہے ۔پانامہ لیکس کے حوالے سے معاملہ عدالت عظمی میں جانے کے بعد احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا تھا۔پاکستان کے عوام ملک کی ترقی و خوشحالی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو مسائل سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں قومی معیشت مستحکم بنیادوں پر استوار ہوئی ہے ۔بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام کے حصول کیلئے معاشی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت بہتر ہوئی ہے ۔ آج قومی معیشت کی بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں ۔ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ریکارڈ سطح تک پہنچ جانا مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کا ثمر ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے جاری بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔ توانائی بحران کے خاتمے سے ملک کا قریہ قریہ روشن ہو گا، زراعت، صنعت اور دیگر سماجی شعبے ترقی کریں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی کی منزل ضرور حاصل کریں گے ۔آج ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پاکستان کی معیشت کا دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور چین نے 46 ارب ڈالر کا اقتصادی راہداری کا پیکیج دے کر ایک عظیم دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی پر دوررس اثرات مرتب کرے گا، بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، توانائی بحران حل ہوگا اور ملک تیزی سے آگے بڑھے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنا سیاست نے 2014ء میں بھی ملک کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور آئینی اداروں میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جب ترقی کا پہیہ تیزی سے گھوم رہا ہے، اندھیرے چھٹنے جا رہے ہیں، منفی سیاست ملک کیلئے زہر قاتل اور تباہی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں اور ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کی روش اختیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پہلے ہی عدالت عظمیٰ میں کیس کی سماعت اور کارروائی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔وزیر اعظم نے کیس کے تکنیکی وقانونی پہلوؤں کا سہارا نہ لینے کا بھی جراتمندانہ فیصلہ کیا تھالیکن ان تمام باتوں کے باوجود دھرنے پر بضد بعض سیاسی عناصر کا رویہ ناقابل فہم تھا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ موجودہ صورتحال اختلافات کو بھلا کر مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی متقاضی ہے۔