گڈانی ،ناکارہ تیل بردار بحری جہاز میں دھماکہ ،14افرادجاں بحق ،50سے زائد زخمی
کراچی/حب (اے این این) گڈانی میں ناکارہ تیل بردار بحری جہاز میں دھماکہ10افراد جاں بحق،50سے زائد زخمی ہو گئے ،شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکہ اس وقت ہوا جب مزدور پرانے جہاز کو توڑنے میں مصروف تھے ،دھماکے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی،24افراد بری طرح جھلس گئے دھماکے کی شدت سے ایک ٹن لوہے کی شیٹ بھی مزدوروں پر آ گری ،وزیر اعظم نے واقعہ کا نوٹس لے لیا،متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب ،انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار۔تفصیلات کے مطابق منگل کو کراچی کے قریب بلوچستان کی بندرگاہ گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے ایک جہاز کے آئل ٹینک میں اس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ جہاز توڑنے میں مصروف تھے۔ دھماکے میں14افراد موقع پر جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہو گئے ۔دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، جس نے جہاز پر موجود لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمیوں کو فوری طور پر حب منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ ریفرکردیا گیا۔ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں اب تک10افراد جاں بحق جب کہ 50 سے زائدزخمی ہیں، زخمیوں میں سے 24 بری طرح جھلسے ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے۔بحری جہاز میں کام کرنے والے مزدوروں نے بتایا کہ حادثے کے وقت 100 کے قریب افراد وہاں موجود تھے جبکہ دھماکا ہوتے ہی متعدد مزدوروں نے سمندر میں چھلانگ لگاکر جان بچائی۔دوسری جانب آخری اطلاع تک جہاز میں لگی آگ بھجانے کی بھی بھرپورکوششیں جاری تھیں ، ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدرشدید تھا کہ ایک ایک ٹن لوہے کی شیٹس کئی کئی میٹر بلند ہونے کے بعد لوگوں پرگری ہیں، آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فائربریگیڈ کو کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔دھماکے کی نوعیت کا تاحال پتہ نہیں چلا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں جہاز کو توڑا جا رہا تھا کہ اسی دوران اس میں گیس بھر جانے سے آگ لگ گئی ۔ گیس کی وجہ سے جہاز میں وقفے وقفے سے دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ، ذرائع نے بتایا ہے کہ جہاز کی اپنی کوئی ریسکیو ٹیم موجود نہیں جس کی وجہ سے جہاز میں موجود عملے اور مزدوروں کو فوری طور پر باہر نہیں نکالا جا سکا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے زخمیوں کو اپنی ایمبولینسز میں ہسپتال منتقل کیا ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل کا استعمال کیا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔نواز شریف نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔