عمران خان پورس کے ہاتھی ہیں ،ناکام دھرنوں نے وزیر اعظم کو فائدہ پہنچایا :خورشید شاہ
اسلام آباد(اے این این) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ناکام دھرنوں سے نوازشریف کو فائدہ پہنچا رہے ہیں جب کہ حالیہ بحران بڑھ گیا تو نواز شریف سیاسی شہادت کو ترجیح دیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے دھرنا ختم کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان ہماری سیاست میں پورس کا وہ ہاتھی ہے جو اپنی ہی فوجوں کو کچل کر دشمن کی فتح کی راہ ہموار کرتا ہے جب کہ میں نے کہا تھا کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا سپورٹر عمران خان ہے اور عمران خان ناکام دھرنوں سے نواز شریف کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی بحران جلد ختم ہوتا نظر نہیں آتا، حالات ابھی بھی حکومت کے ہاتھ میں ہیں لیکن بحران بڑھ گیا تو نوازشریف سیاسی شہادت کو ترجیح دیں گے اور اگر جنگ جاری رہی تو نواز شریف نہیں بچیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار مرکر بھی استعفیٰ نہیں دے گا جب کہ ان ہاوس کسی تبدیلی کا امکان نہیں، حکومت کے سینئر وزیر نے سکیورٹی اجلاس کی خبر کی تصدیق کی تھی لہذا پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنانا اس حکومت کا سب سے بڑا مذاق ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ یہ پاناما لیکس کا نہیں یہ کیس تو صادق اور امین کا ہے جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی ٹی او آر پر نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں 4نومبر کو بل پیش کررہے ہیں لہٰذاحکومت کو چاہئے کہ مخالفت نہ کرے، ہمارا بل پاناما سمیت کرپشن کے تمام مقدمات کی تحقیقات کرے گا۔