جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن میں آج ہونیوالی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد

جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن میں آج ہونیوالی کارروائی روکنے کی استدعا ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمیشن میں آج 2نومبر کو ہونے والی کارووائی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ریفرنس کی نقول طلب کر لیں۔چیف جسٹس مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی اور من گھڑت الزامات کی بنیاد پر درخواست گزار جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس بھجوایاہے، 2 نومبر کو الیکشن کمیشن جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس پرچحتمی فیصلہ سنانے جا رہا ہے، جہانگیر ترین کے وکیل کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا تو سپیکر کے حکم کی تجدید ہو گی جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی بے چینی بے معنی اور قبل ازوقت ہے، چیف جسٹس نے باور کرایا کہ ہائیکورٹ کو ایسے فیصلوں کے عدالتی جائزہ کا اختیار ہے، اس لئے الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے دیں ضروری ہوا تو فیصلے کا جائزہ لیں گے، عدالت نے مزید سماعت 15نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت سے جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس کی نقول طلب کر لی ہیں۔

مزید : صفحہ آخر