سپریم کورٹ نے ملک کو انتشار سے بچالیا ،پیپلزپارٹی

سپریم کورٹ نے ملک کو انتشار سے بچالیا ،پیپلزپارٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اراکین صوبائی اسمبلی ساجد جوکھیو، جاوید ناگوری اور شاہینہ شیر علی نے پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ کی جانب سے کی جانے والی سماعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ملک کو بہت بڑی افراتفری اور انتشار سے بچالیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آف شور کمپنیوں میں مشکوک سرمایہ کاری پر وزیرآعظم سے استفسار کرنا ملک میں عدلیہ کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ممد و معاون ثابت ہوگی۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ وزیرآعظم نے سات ماہ قبل خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کا جو اعلان کیا تھا اگر وہ اس پر عمل کرتے تو شاید نوبت یہاں تک نہ آتی۔ تاہم دیر آید درست آید کے بمصداق، اب جبکہ سپریم کورٹ نے وزیرآعظم سے جواب طلب کرلیا ہے تو اب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار سب کو کرنا چاہیے، انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے کا پروگرام منسوخ کرنے اور عدالتی احکامات کی روشنی میں پریڈ گراؤنڈ میں اظہار تشکر کے لیے جلسہ کرنے کو بھی ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ تاہم انھوں نے حکمراں جماعت کے وزیروں اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ کہ وہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے اور ایک دوسرے کو اکسانے اور اس کے نتیجے میں ایکبار پھر انتشار کی کیفیت پیدا کرنے سے گریز کریں۔ انھوں نے کہا کہ پی پی پی کا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی اور جمہوری حق ہے جسے دبانا غیر آئینی ہے۔ تاہم پی پی پی نے جمہوریت کے حوالے سے کسی بھی خطرے اور کسی بھی طالع آزما کے خلاف سخت موقف اپنایا۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت کو چلتے رہنا چاہیے تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط اور جمہوری ادارے مستحکم ہوں تاکہ ملک سے کرپشن اور نانصافی کا خاتمہ ہوسکے۔

مزید :

صفحہ آخر -