عمران خان جس کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں وہ انہیں وزیراعظم نہیں بنائیں گے: عاصمہ جہانگیر

عمران خان جس کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں وہ انہیں وزیراعظم نہیں بنائیں گے: عاصمہ ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ کنٹینرز سے سٹرکوں کی بندش ٗ عورتوں کی پکڑ دھڑ اورگھروں پر چھاپے حکومت کی زیادتی ہے جبکہ عمران کسی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں ۔وہ بندوق برداروں کو پیچھے لیکر احتساب کی بات کرتے ہیں حالانکہ بندوق والوں کی مدد سے احتساب نہیں ہو سکتا ۔حقیقی احتساب سول سوسائٹی کی مدد سے ممکن ہے ۔عمران خان جن کے اشاروں پرناچ رہے ہیں وہ انہیں کبھی بھی وزیر اعظم نہیں بنائیں گے ۔دونوں پارٹیاں ایسی سیاست نہ کریں کہ نیشنل سیکورٹی کونسل آ جائے ،اداروں کو مضبوط کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کسی کے اشاروں پر ناچ کر رہے ہیں ۔ اس کے باوجود سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔انہوں کہا کہ خدارا برداشت کی سیاست کریں ۔تاکہ ملک آگے چلے ٗ اگر کچھ ہوگیا تو جو تھوڑا بہت حاصل ہوا ہے وہ بھی رول بیک ہوجائے گا ۔ادارے تباہ ہو جائیں گے ٗیہ کہاں کی سیاست ہے اور یہ کہاں کی تہذیب ہے ۔انہوں نے کہا کہ بادشاہت کے خلاف نعرے لگانے والے پرویز مشرف سے وزارت عظمی مانگتے رہے۔انہوں نے کہا کہ دعا کی جائے کہ اوپر بیٹھے خدا ایک نہ ہوں، یہ ابھی جدا جدا ہیں اگریہ ایک ہو گئے تو نظام پٹری سے اتر جائے گا۔ جس سے اداروں کی تباہی ہو گی۔پھرشاید وزیر اعظم بھی نہ ہوگا ۔اور نیشنل سیکورٹی کونسل آ جائے گی ۔لیکن اپنے تجربے کی بنا پر یہ کہہ سکتی ہوں کہ عمران خان جن کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں وہ کبھی بھی انہیں وزیر اعظم نہیں بنائیں گے ۔عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ اگر نظام تباہ ہوا تو سب کو نیشنل سیکورٹی کی زبان بولنی پڑے گی جس میں سب سے زیادہ نقصان صحافت کو اٹھانا پڑے گا۔

مزید : صفحہ آخر