صدارتی انتخابات سے چند روز قبل ہیلری کی ای میلز کی نئی تحقیقات کا معاملہ مشکوک ہے: جیمز کارول

صدارتی انتخابات سے چند روز قبل ہیلری کی ای میلز کی نئی تحقیقات کا معاملہ ...

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) ہیلری کلنٹن کے خلاف ای میلز کی تازہ تحقیقات کا آغاز ری پبلکن کانگریس کی پالیسی کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کی انتخابی سٹریٹجی کے انچارج جیمز کارول نے ’’ایم ایس این بی سی‘‘ ٹیلی ویژن کے ساتھ ایک انٹرویو میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کا تازہ اقدام ری پبلکن لیڈروں سے مربوط ہے جو ان کومطمئن کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ صدر اوبامہ گزشتہ روز ایف بی آئی ڈائریکٹر کی حمایت میں بیان دے چکے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں جیمز کومی کی نیت پر شک نہیں ہے۔ ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے انچارج نے الزام لگایا کہ کے جی بی نے ای میلز کو ڈونلڈ ٹرمپ کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہیک کیا اور وہ آہستہ آہستہ ان ای میلز کو ریلیز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت امریکی جمہوریت پر حملہ ہو رہا ہے اور ہم لوگوں کو خصوصاً ڈیمو کریٹس کو دیکھنا ہوگا کہ ہم اس حملے سے کیسے نمٹتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کے جی بی نے ڈیمو کریٹک نیشنل کمیٹی اور ہیلری کلنٹن کے قریبی لوگوں کی ای میلز ہیک کیں اور انہیں ’’وکی لیکس‘‘ کے ذریعے جاری کروایا۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات سے صرف چند روز قبل ای میلز کے بارے میں نئی تحقیقات شروع کرنے کا معاملہ بہت مشکوک ہے۔ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا مقصد ڈونلڈ ٹرمپ کو فائدہ پہنچانا ہے۔

مزید : صفحہ آخر