پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو ٹکر، شہری دلچسپ تحریر شیشے پر چپکا گیا

پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو ٹکر، شہری دلچسپ تحریر شیشے پر چپکا گیا
پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو ٹکر، شہری دلچسپ تحریر شیشے پر چپکا گیا

  

ولنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک نک چڑھے شخص نے ایک تو خاتون کی کار میں اپنی گاڑی ٹھوک کر ڈینٹ ڈال دیا اور اوپر سے ایک ایسا خط لکھ کر خاتون کی کار میں رکھ دیا جسے پڑھ کر وہ مزید مشتعل ہو گئی۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ہینا شیٹھ نامی خاتون کی 1995ء ماڈل کی پرانی ہنڈا سی آر وی گاڑی اس کے آفس کے باہر کھڑی تھی جس میں اس بدتمیز شخص نے اپنی گاڑی مار دی اور پھر خط کے ذریعے اس کا تمسخر اڑایا۔اس شخص نے خط میں لکھا کہ ’’سوری، میں نے یوٹرن لیتے ہوئے تمہاری گاڑی کو ڈینٹ ڈال دیا ہے۔ میں تمہارے لیے یہ پیغام اس لیے چھوڑ رہا ہوں کیونکہ کسی نے مجھے تمہاری گاڑی میں اپنی کار ٹھوکتے ہوئے دیکھ لیا ہے۔ تمہاری گاڑی اس قدر پرانی اور خستہ حال ہے کہ کوڑے کا ڈھیر لگتی ہے اس لیے شاید تم اس میں پڑنے والے ڈینٹ کا نوٹس نہ لو۔ تمہاری کار کو صفائی کی بھی اشد ضرورت ہے۔ اگر تم اسے پیلی لائن پر پارک نہ کرتیں تو شاید میں اسے مس کر دیتا۔‘‘آخر میں اس شخص نے دوبارہ سوری لکھا اور ساتھ ہی ایک سمائیلی فیس بنا دیا۔ہینا جب واپس جانے کے لیے گاڑی میں بیٹھی توسیٹ پر پڑا یہ خط پڑھ کر مشتعل ہو گئی۔ اس کا کہنا تھا کہ ’’مجھے ایسے لگ رہا ہے جیسے اس شخص نے میرے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔ وہ صرف سوری کہہ سکتا تھا مگر اس نے خط میں ایسی باتیں لکھ کر میری تضحیک کی ہے۔ میری گاڑی اتنی بھی خستہ حال نہیں، یہ بہتر حالت میں ہے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق ہینا نے اپنی گاڑی کی انشورنس کروائی ہوئی ہے چنانچہ اس کا ڈینٹ مفت میں ٹھیک کر دیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر