نچلی سطح سپورٹس مقا بلوں کا انعقاد قومی ٹیموں کیلئے ٹیلنٹ پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے، عبد ا لکریم خان
پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ ہماری خواتین اور بچیوں میں فطری طور پر خداداد صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں انہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی کامیابیوں کا لوہا منوایا ہے۔ دنیا کے ہر شعبہ کھیل پر اب صرف مردوں کا راج نہیں رہا بلکہ ان کے شانہ بشانہ خواتین نے بھی تمام کھیلوں میں اپنا مقام بنا لیا ہے جبکہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے بھی ملک کے باہر اور اندرون ملک اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں 2nd مسز ملک سعد خان نیشنل وومن کرکٹ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جس کا انعقاد ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ نے کیا تھا۔ واضح رہے کہ مذکورہ چیمپئن شپ میں کل 4خواتین ٹیمیں لیں گی جس کا باقاعدہ طور پر آغاز کیا گیا ہے۔اس موقع پر ملک سعد سپورٹس ٹرسٹ کے امجد عزیز ملک، کھیل کود کے شعبے سے وابستہ حضرات اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالکریم خان نے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد فطری استعداد رکھنے والے کھلاڑیوں کو ڈھونڈنے کا بہترین ذریعہ ہے اور قومی ٹیموں میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے والے اکثر کھلاڑیوں نے اس طرح نچلی سطح پر ہی کھیلوں میں حصہ لے کر کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد میں ملک سعد ٹرسٹ کے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں اور اس ٹرسٹ کی بدولت ہمارے اکثر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے جو ایک نیک شگون ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کھیلوں کے فروغ اور قدرتی ٹیلنٹ کو ابھارنے کے سلسلے میں اپنی کاوشیں آئندہ بھی جاری رکھے گا اور صوبے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی ترقی کیلئے اپنی خدمات فراہم کرے گا۔عبدالکریم خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں ایک بنیاد رکھی ہے اور صوبے میں کرکٹ کے انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد کے بحالی کیلئے پر عزم ہے ۔انہوں نے صوبے کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے آگے آئیں اور اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ کے مہمان خصوصی نے چیمپئن شپ کے انعقاد کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔