گڈانی شپ بر یکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز میں دھماکہ،6افراد جاں بحق

گڈانی شپ بر یکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز میں دھماکہ،6افراد جاں بحق

حب( آن لائن ) گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 48 زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے قریب بلوچستان کی بندرگاہ گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے ایک جہاز کے آئل ٹینک میں اس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ جہاز توڑنے میں مصروف تھے۔دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، جس نے جہاز پر موجود لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمیوں کو فوری طور پر حب منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ ریفرکردیا گیا۔ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں اب تک 6 افراد جاں بحق جب کہ 48 زخمی ہیں، زخمیوں میں سے 16 بری طرح جھلسے ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب جہاز میں لگی آگ بھجانے کی بھی بھرپورکوششیں جاری ہیں، ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدرشدید تھا کہ ایک ایک ٹن لوہے کی شیٹس کئی کئی میٹر بلند ہونے کے بعد لوگوں پرگری ہیں، آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فائربریگیڈ کو کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ اول