زرعی پیداوار میں خودکفالت اولین ترجیح ہے، عنایت اللہ

زرعی پیداوار میں خودکفالت اولین ترجیح ہے، عنایت اللہ

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے منگل کے روز دیر میں اخگرام تا دیر روڈ،عشرئی درہ فیڈر ، دیر ٹاؤن فیڈر اور دیر سٹی میں سٹریٹس لائٹس کا افتتاح کیا۔ان منصوبوں میں اخگرام تا دیر روڈ تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے جبکہ عشرئی درہ فیڈر پر ایک کروڑ پچانوے لاکھ روپے، دیر ٹاؤن فیڈر پر ایک کروڑ چالیس لارکھ روپے اور سٹریٹس لائٹس پر تین کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔اس موقع پر ایم این اے صاحبزادہ طارق اﷲ، ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اﷲ، تحصیل ناظم میر مخزن الدین ، ضلع امیر حنیف اﷲ اور سابق ایم پی اے ملک بہرام بھی موجود تھے۔اس دوران منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عنایت اﷲ نے کہا کہ موجودہ حکومت پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بھی بنیادی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے دیر بالا اور دیر پائین میں مختلف شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں ان منصوبوں کی تکمیل سے ان اضلاع میں صحت، تعلیم، مواصلات و تعمیرات، زراعت، آبپاشی، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں لوگوں کو انقلابی تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات اور شرح تعلیم میں بھی اضافہ ہو گا جبکہ معاشی سرگرمیوں اور سفری سہولیات کو فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں خودکفالت موجودہ حکومت کی ترجیح ہے جس سے بے روزگاری و غربت میں کمی جبکہ روزگار میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔سینئر وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزراء ، ایم این ایز، ایم پی ایز اور ناظمین کی بہترین کارکردگی واضح ہے جس کی بنیاد پر جے آئی آئندہ الیکش میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرے گی اور صوبے میں برسراقتدار آکر عوامی فلاح و بہبود کے کئی دیگر بڑے منصوبے شفاف انداز میں مکمل کرتے ہوئے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر ے گی اور خیبر پختونخوا کوسنگاپور کی طرح خوشحال بناتے ہوئے اس میں دیگر صوبوں اور ممالک کے لوگوں کو محنت مزدوری کیلئے معاشی و اقتصادی مواقع فراہم کریں گے ۔ا نہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں قدرتی وسائل کی کمی نہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی باگ ڈور صالح اور باکردار افراد کے ہاتھوں میں ہو ۔وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ ہماری حکومت برسر اقتدارآکر صوبے سے غربت و جہالت کا بھی خاتمہ کرے گی اور زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگا کر ہنرمند بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت اور باشعو ر ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ اول