ایف بی آئی کو ہیلری کی ای میلز کا بڑا ذخیرہ مل جائیگا،ڈونلڈٹرمپ

ایف بی آئی کو ہیلری کی ای میلز کا بڑا ذخیرہ مل جائیگا،ڈونلڈٹرمپ

واشنگٹن(اے این این)رپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں وفاقی تفتیشی ادارے (ایف بی آئی )کو ڈیموکریٹ جماعت کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی ای میلز کا 'بڑا ذخیرہ مل جائے گا۔انھوں نے یہ بات مشی گن میں ایک ریلی کے دوران کہی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کو امید ہے کہ 33ہزار ڈیلیٹ کی گئی ای میلز مل جائیں گی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ ای میلز کی بہت بڑی تعداد ہے۔ میرے خیال میں وہ 33 ہزار ای میلز مل جائیں گی جو لاپتہ تھیں۔ شکریہ ہماعابدین، ہما بہت عمدہ کام کیا ہے۔ شکریہ انتھنی وائنر۔امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کے سربراہ کا اپنے ادارے کو یہ بتانا کہ وہ ممکنہ طور پر ہیلری کلنٹن سے منسوب ای میلز کی تفیش کر رہے ہیں، قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے۔ہیری ریڈ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے پر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکٹ حکام کو انتخابات میں اثر انداز ہونے سے روکتا ہے۔امریکہ کے تفتیشی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ہیلری کلنٹن کی ای میلز سے متعلق نئی تحقیقات کی خبر امریکہ میں آئندہ ماہ چھ نومبر کو ہونے والے صدارت انتخاب سے دو ہفتے قبل سامنے آئی ہے۔دریں اثنا ایف بی آئی نے سابق امریکی وزیرِ خارجہ کی نائب ہما عابدین کی ای میلز تلاش کرنے کے لیے وارنٹ حاصل کیے ہیں۔یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ ہیلری کلنٹن سے متعلق یہ ای میلز ہما عابدین کے سابق شوہر اینتھونی وینر کے لیپ ٹاپ سے ملی تھیں۔ہیلری کلنٹن کے خلاف یہ مقدمہ جولائی میں ختم کر دیا گیا تھا اور ان کے خلاف کوئی الزام بھی عائد نہیں کیا گیا تھا۔ایک اندازے کے مطابق لیپ ٹاپ میں ساڑھے چھ لاکھ ای میلز ہیں لیکن ان میں یہ واضح نہیں کہ کس نے کس کو ای میل کی اور یہ ای میلز کس حوالے سے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول