کارکنوں کی جد و جہد رنگ لائی‘ آج یوم تشکر منائیں گے‘ شاہ محمود قریشی

کارکنوں کی جد و جہد رنگ لائی‘ آج یوم تشکر منائیں گے‘ شاہ محمود قریشی

ملتان (سٹی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چےئرمن مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کل پی ٹی آئی یوم تشکر منائے گی۔ہم دو مشن لے کر گھر سے نکلے تھے جو کہ پانامہ ایشو پر استعفیٰ یا احتساب کے لئے پیش ہوں۔ہم سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سپریم کورٹ نے اپنی نگرانی میں ٹی او آر کمیشن کے قیام کا اعلان کیا ہے جو پرسوں سے اپنا کام شروع کریگا جو جلد از جلد اپنا کام مکمل کرے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ سے واپسی پر اسلام آباد سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے حکومتی تشدد برداشت کیا۔اپنی گرفتاریاں پیش کیں۔لاٹھیاں کھائیں‘آنسو گیس کے شیلنگ برداشت کی‘ پی ٹی آئی کارکنوں کی جدوجہد رنگ لائی ہے انشاء اللہ پانامہ لیکس کے حوالے سے انکوائری کمیشن کے نتائج سامنے آنے پر جشن منائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں پورے ملک کے پی ٹی آئی کارکنوں‘خواتین اور خصوصاً کے پی کے کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جن کی جدوجہد اور قربانی کی بدولت ہم کامیابی سے ہمکنار ہوئے پی ٹی آئی کا پہلے دن سے ہی یہ موقف تھا کہ پانامہ لیکس کے ذمہ دار اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کریں لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے تھے ۔حکمرانوں کے سامنے تمام ادارے بے بسی کا اظہار کررہے تھے۔ملک کا نظام ختم ہوتا نظر آرہا تھا۔پی ٹی آئی کی جدوجہد کے بدولت سپریم کورٹ نے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا جو کہ خوش آئند ہے امید ہے کہ خود مختار کمیشن جلد از جلد حقائق عوام کے سامنے لائے گا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد امید ہے ملک بھر میں رکاوٹیں ختم ہوگئی ہونگی‘آج حسب معمول پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج ہوگا۔انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بھرپور اس میں شرکت کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کمیشن کے رو برو عمران خان خود پیش ہونگے۔

شاہ محمود قریشی

مزید : کراچی صفحہ اول