الخدمت کی رفاعی اور فلاحی خدمات اپنی مثال آپ ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن

الخدمت کی رفاعی اور فلاحی خدمات اپنی مثال آپ ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت کی رفاعی اور فلاحی خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔پاکستان میں بے شمار NGO`s رجسٹرڈ ہیں جوصرف تشہیر کے لیے عوام کے مسائل کا راگ الاپتی ہیں لیکن ملک بھر میں انکی کارکردگی کہیں نظر نہیں آتی۔ الخدمت برسہا برس سے تشہیر سے بے نیاز عوامی خدمت میں مصروف ہے۔ علاج معالجے کے لیے ہسپتال،ڈسپنسریز،فارمیسیز،لیبارٹریزوکلیکشن پوائنٹس کے علاوہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹر پلانٹس ،کفالت یتیم، تعلیمی وظائف،نادار گھرانوں میں راشن کی تقسیم ،بچت بازار اور دیگر پرو جیکٹس کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ا میر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے زون گلشن معمارمیں الخدمت فارمیسی اورالخدمت لیب وکلیکشن پوائنٹ کے افتتا ح کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر مشہور چائلڈ اسپیشلسٹ اظہر چغتائی،ڈائریکٹرفارمیسی محمد جمشید،کنٹرولر میڈیکل فارمیسی ڈاکٹرہمایوں فرخ ،ڈائریکٹر فنانس ابوالاعلیٰ صدیقی، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ الخدمت کی کاوشوں کو سراہا۔ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی زون گلشن معمار رضوان شاہ ،ناظم علاقہ گلشن معمارعاطف اللہ والا، کے علاوہ دیگر ذمہ داران اور کارکنان کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں جعلی ادویات فروخت ہورہی ہیں اور بے ضمیر کرپٹ عناصر عوام کی قیمتی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں جو متعلقہ محکمے کی ناہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیر داخلہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ہے لیکن سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے جہاں ادویات اور سہولیات کا فقدان ہے اور صحت و صفائی کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے بروقت علاج اور درست تشخیص نہ ہونے اور ایکسپائر و جعلی ادویات کے استعمال کے باعث سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں ۔ان ہی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دیگر علاقوں کی طرح اب زون گلشن معمار میں بھی عوام کی سہولت کے لیے الخدمت فارمیسی اورالخدمت لیب وکلیکشن پوائنٹ قائم کیاگیاہے جس سے علاقہ مکین اپنے ہی علاقے میں سستی اور معیاری طبی سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر