سپریم کورٹ نے ملک کو خانہ جنگی سے بچالیا، عمران خان کل باہر نکلتے تو انہیں کامیاب کرکے سیاست سے کنارہ کش ہوجاتا: شیخ رشید

سپریم کورٹ نے ملک کو خانہ جنگی سے بچالیا، عمران خان کل باہر نکلتے تو انہیں ...
سپریم کورٹ نے ملک کو خانہ جنگی سے بچالیا، عمران خان کل باہر نکلتے تو انہیں کامیاب کرکے سیاست سے کنارہ کش ہوجاتا: شیخ رشید

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے سیف الرحمان کے ذریعے ججوں کو خریدا تھا، کلبھوشن یادیو کو پکڑنے پر راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری مجاہدین کے ساتھ ہے۔ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کے معاملے پر پاکستان کو خانہ جنگی سے بچالیا ہے۔ میں سات مرتبہ وزیر رہ چکا عہدوں کا کوئی لالچ نہیں ہے عمران خان اگر تم کل باہر نکلتے تو تمہیں کامیاب کرکے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلیتا۔

پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کو اندر سے جانتا ہوں،یہ بڑا بے ایمان ہے، ڈاکو ہے اور مودی کا یار ہے۔ یہ وہ نواز شریف ہے جس نے سیف الرحمان کو بریف کیس دے کر ججز کو خریدنے بھیجا، جسٹس سجاد کی سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا راحیل شریف تمہیں کلبھوشن یادیو کو پکڑنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ قومی سلامتی کی خبر لیک کرنے پر دو ٹانگوں والے پرویز رشید کی قربانی نہیں مانتا بلکہ خبر لیک کرنے والا اصل مجرم نکالو۔ انہوں نے 158 کنٹینرز لگائے اگر کل خدانخواستہ ہندوستان پاکستان پر حملہ کردیتا تو سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے لاجسٹک سپورٹ کہاں سے ملتی؟۔ امریکی کانگریس میں یہ بیان دیا گیا کہ پاکستانی فوج دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہی ہے، نواز شریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتا ہے۔ پوری دنیا پاناما لیکس پر تبصرہ کر رہی ہے لیکن انڈیا پاناما لیکس کا تذکرہ نہیں کر رہا کیونکہ وہ کشمیر میں ظلم کر رہا ہے لیکن میں یہ بتادوں کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری مجاہدین کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اوپر اللہ وکیل ہے اور نیچے شیخ رشید وکیل ہے۔ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی سماعت مقرر کرکے ملک کو خانہ جنگی سے بچالیا ہے، میرا دل کہتا ہے کہ سپریم کورٹ پاکستان کو بحران سے نجات دلائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ اس لیے ہوں کیونکہ یہ بندہ ایماندار ہے۔ موجودہ قیادت سے پاکستان کو شدید خطرات ہیں اسفند یارنے 25 کروڑ روپیہ نیب میں جمع کرایا ، بلاول کو 9 سال بعد شہیدوں کی یاد آئی۔رانا ثنا اللہ مجھے کہتا ہے کہ کنگلا موٹر سائیکل پر پھر رہا ہے لیکن میں اسے کہوں گا کہ وہ خود تو پی آئی اے کی ٹوائلٹ میں بیٹھا ہوا تھا۔خورشید شاہ شرم کرو، چلو بھر پانی میں ڈوب مرو ساری قوم کو پتا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو کس نے اور کیسے چھڑوایا ہے۔ تمہارا نام نواز شریف نے ڈبل شاہ پکارا ہے، تمہارا لیڈر آصف زرداری بھیک مانگتا رہا اور رحمان ملک کے ذریعے فوجیوں کے جوتے چاٹتا رہا اور کہتا رہا کہ مجھے ملک میں آنے دو۔ جو لوگ کہتے تھے کہ ہم فوج کے اشارے پر یہ سب کر رہے ہیں اگر ہم فوج کے اشارے پر یہ کام کر رہے ہوتے تو پھر پرویز خٹک کو اسلام آباد آنے سے کون روک سکتا تھا۔

شیخ رشید نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا خان صاحب آپ کو یہ کہوں گا کہ جب تک کنویں سے نجاست نہیں نکالی جاتی کنواں پاک نہیں ہوگا۔ خان صاحب اس ملک کا غریب آدمی مر گیا ہے، میں سات مرتبہ وزیر رہ چکا ہوں عہدوں کا کوئی لالچ نہیں ہے عمران خان اگر تم کل باہر نکلتے تو تمہیں کامیاب کرکے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلیتا۔ نواز شریف کا بیٹا لوہے کو ہاتھ لگائے تو سونا اور غریب آدمی نوکری کے لیے دھکے کھائے تو اس کی کوئی آواز نہیں ہے۔ عمران خان اس نظام کو بدلنا ،میری یہ خواہش ہے کہ تم بڑے لوگوں کے ہاتھ کی گھڑی اور جیب کی چھڑی نہ بننا بلکہ غریب لوگوں کے ساتھ کھڑے رہنا کیونکہ غریبوفادار ہوتا ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں