میاں پاناما شریف اور چھوٹا بھائی ڈراما شریف قوم کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں: عمران خان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور ان کی کابینہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک پاکستان کے ہیرو بن چکے ہیں انہیں پاکستان کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ میاں پاناما شریف اور اس کا چھوٹا بھائی ڈراما شریف قوم کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔
پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جس رات پرویز خٹک پر شیلنگ ہورہی تھی میں پوری رات سویا نہیں بلکہ انہیں دیکھتا رہا ہوں۔ جس طرح ان لوگوں پر شیلنگ ہورہی تھی مجھے لگا کہ یہ پاکستانی نہیں بلکہ کسی دشمن ملک سے ہیں لیکن جس طرح انہوں نے سٹینڈ لیا وہ لائق تحسین ہے کیونکہ اسی طرح تو ایک قوم بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک نے تحمل کا مظاہرہ کرکے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا کیونکہ اگر یہ بھی جوابی حملہ کرتے تو دوسری طرف بھی پاکستانی ہی تھے بے شک وہ پنجاب پولیس والے تھے۔
عمران خان نے میاں برادران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں پاناما شریف اور اس کا چھوٹا بھائی ڈراما شریف قوم کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔مجھے اس بات پر شدید غصہ آیا کہ یہ گیدڑ اپنی چوری چھپانے کیلئے پاکستانیوں کو آپس میں لڑا رہے ہیں میں اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جس دن تم دونوں بھائی جیل میں ہو گے۔