عمران خان نے شیخ رشید کے سگار کو بڑا ہتھیار قرار دے دیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شیخ رشید کے سگار کو بڑا ہتھیار قرار دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے دھرنے کو روکنے کیلئے جہاں ملک بھر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا وہیں تشہیری مہم بھی چلائی گئی جس میں الزام لگایا گیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان پوری طرح مسلح ہو کر اسلام آباد پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں۔ ن لیگی حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے الزام کے جواب میں پی ٹی آئی کی جانب سے شروع سے ہی موقف اپنایا گیا کہ وہ ہمیشہ سے پر امن رہے ہیں اور اسلام آباد کے دھرنے میں بھی پر امن رہیں گے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دھرنا تو نہ ہوا البتہ سپریم کورٹ کے کیس کی سماعت مقرر کرنے پر یوم تشکر منایا گیا جس کے سلسلے میں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسہ کیا گیا ۔ جلسے سے خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ن لیگ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنوں کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھے بلکہ مجھے تو صرف شیخ رشید کا سگار ہی ایک بڑا ہتھیار نظر آیا ۔