عمران خان اسلام آباد میں10 لاکھ لوگوں کو لانے میں ناکام ہو گئے،عوام نے تحریک انصاف کی احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا :طلال چوہدری

عمران خان اسلام آباد میں10 لاکھ لوگوں کو لانے میں ناکام ہو گئے،عوام نے تحریک ...
عمران خان اسلام آباد میں10 لاکھ لوگوں کو لانے میں ناکام ہو گئے،عوام نے تحریک انصاف کی احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا :طلال چوہدری

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد میں10  لاکھ لوگوں کو لانے میں ناکام ہو گئے، عمران خان کے دعوے ہمیشہ جھوٹے ہوتے ہیں،عمران نے کہا تھا جلسے میں10لاکھ لوگ ہوں گے جبکہ ایک لاکھ بھی جمع نہیں ہوئے، یوم تشکر کے جلسے میں چند ہزار لوگ ہی موجود تھے۔

نجی ٹی وی چینل’’جیو نیوز‘‘ کے پروگرام’’ آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ ان کی کال پر باہر بھی نہیں نکلتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر میں کچھ بھی نیا نہیں تھا، وہ انہیں پرانی باتوں کو ہی بار بار دہرا رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کیا ہے کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہیں، جبکہ عمران خان آج بھی ایپیکس کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے،ہم نے دعوی کیا تھا کہ ذمہ دار حکومت کے طور پر اسلام آباد کو ہر گزلاک ڈاون نہیں ہونے دیں گے ،اسلام آباد کی پولیس اور ایف سی کی کارکردگی کا سارا کریڈٹ وزیر داخلہ چوہدری نثار کوجاتا ہے ،اسی لیے حکومت نے عمران خان کی دارالحکومت اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کی کال پر اپنی ذمہ داری پوری کی اور اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماءکہتے ہیں کہ انکے پاس آنسو گیس کا لائسنس تھا جبکہ آنسو گیس حکومتی پراپرٹی ہے جس کا لائسنس کسی کو نہیں مل سکتا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت سے انصاف کی امید رکھتے ہیں اور ہماری ان سے یہ امید ہے کہ جب عدالت اپنا فیصلہ سنائے تو وہ فیصلے کو مانیں گے اور پھریوم تشکر منائیں گے۔ابھی بھی پاکستان میں ایسے ادارے ہین جن پر بحران کے باوجود سب کو اعتماد ہوتا ہے،سپریم کورٹ پر پاکستان کے عوام کا بھروسہ ہے۔

مزید : اسلام آباد