صوبے میں جرمن سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے ، آغا سراج درانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی سے جرمنی کے سفیر Mr.Martin Kobler نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پا ک جرمنی دوطرفہ تعلقات ،صوبہ میں امن و امان کے قیام ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، قومی معیشت کے استحکام ، خوشحالی کے وژن کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات ، سی پیک منصوبہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ پاک جرمنی دو طرفہ تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ، صوبہ کے مختلف شعبوں میں جرمنی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو نگے ،جرمن سرمایہ کاری سے خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم پرعزم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، قومی معیشت کے استحکام ، ترقیاتی کاموں با الخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری ، نجی سیکٹر کے فعال کردار اور صنعتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ کے باعث لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں زراعت ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، تعلیم ، صحت سمیت دیگر شعبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت کے حامل ہیں جہاں سرمایہ کاری سے فوری منافع یقینی ہے،اس کے علاوہ جرمن سرمایہ کار کوئلہ سے چلنے والے پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔آغاسراج درانی نے مزید کہا کہ پاک جرمنی دوطرفہ معاہدے اور اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے ،جرمنی کے تعاون سے خطہ میں خوشحالی یقینی ہے ، جرمن سرمایہ کار پر کشش ماحول سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کریں اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون اور مدد بھی فراہم کرے گی ۔ ملاقات میں جرمن سفیر نے قائم مقام گورنر سندھ کو بتایا کہ جرمن سرمایہ کار صوبہ کی استعداد سے بھرپو ر استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ، امن و امان کے قیام میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کے ساتھ ساتھ تجارتی منڈیوں تک رسائی میں پاکستان کا کلیدی کردار اہمیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاک جرمنی دو طرفہ تعلقات دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں منفرد اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے صوبہ کی تعمیر و ترقی میں جرمنی کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
