رائے ونڈ ، سالانہ تبلیغی اجتماع کے پہلے فیز میں پارکنگ کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب
لاہور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد نے کہاکہ سالانہ تبلیغی اجتماع2017 کے پہلے فیز 02نومبر تا05نومبرکے موقع پراجتماع میں قافلوں کی صورت میں پہنچنے والی گاڑیوں کی آمدورفت اورپارکنگ کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیاہے تاکہ کسی بھی جگہ ٹریفک کا مسئلہ پیدانہ ہو۔ ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن آصف صدیق اور ایس پی ٹریفک صدر ڈویژن سردار آصف خاں کی نگرانی میں8ڈی ایس پیز ،34انسپکٹرز،118پٹرولنگ افسران اور698وارڈنز سمیت رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے فوک لفٹرز اور بریک ڈاؤن تعینات کئے گئے ہیں،جبکہ رائیونڈ میں ایک کیمپ آفس،کنٹرول روم اور مانیٹرنگ روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارکنگ اسٹینڈز کے علاوہ کہیں گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک پلان کے مطابق جی ٹی روڈ گوجرانوالہ سے آنے والی گاڑیوں کو کالا شاہ کاکوانٹرچینج سے موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائیگاا۔ گرکوئی گاڑی GTروڈ گوجرانوالہ کی طرف سے شاہدرہ پہنچ جائے تواسے بیگم کوٹ کے راستے بذریعہ فیض پور انٹرچینج موٹروے کے ذریعے قزلباش چوک ،رائیونڈ اجتماع براستہ خیابان جناح چوک بھجوایاجائیگا۔فیصل آباد سرگودھا سے براستہ شیخوپورہ آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کو پیربہارشاہ چوک شیخوپورہ براستہ موٹروے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایاجائے گا۔تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی اگرکوئی گاڑی کسی طرف سے شیراکوٹ پہنچ جائے تواسے موٹروے پر بجھوایا جائیگا۔ موٹروے سے ان گاڑیوں کو قزلباش چوک سے ڈائیورٹ کرکے رائیونڈ روڈ سے پاجیاں موڑتک اور پاجیاں موڑپرتعینات ٹریفک سٹاف ان گاڑیوں کو روہی نالہ پر بجھوائے گا۔ اوکاڑہ کی طرف سے آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کو موٹروے پولیس کے تعاون سے مانگابائی پاس / مانگا روہی نالہ کے راستے رائیونڈ اجتماع میں بھجوایا جائیگا۔ مانگا بائی پاس/مانگاروہی نالہ پرٹریفک کے دباؤ کی صورت میں کچھ وقفہ کے لئے شرکاء کی گاڑیوں کو مانگا روہی نالہ کی طرف بھجوانے کی بجائے ملتان روڈ پر واقع سندر اڈہ تک آنے دیا جائے گااور بذریعہ سندر روڈ اجتماع کی طرف بھجوایا جائیگا۔لیکن ایسا صرف انتہائی مختصر وقت کے لئے کیا جا ئے گاکیونکہ سندر روڈ ایمرجنسی روڈ بھی ہے۔موہلنوال ملتان روڈ تک شرکاء4 کی جو گاڑیاں آ جائیں انہیں موہلنوال سے بحریہ ڈیفنس روڈکے ذریعے بھوبھتیاں چوک سے براستہ رائیونڈ روڈاجتماع میں بھجوایاجائیگا۔۔کوٹ رادھا کشن کی طرف سے آنے والے شرکاء کی گاڑیوں کو بھچوکی پھاٹک سے گزار کر مانگا روہی نالہ اجتماع کی پارکنگ نمبر 6 اور پارکنگ نمبر7تک بھجوایاجائیگا۔
قصور کی طرف سے آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کوبراستہ للیانی صوئے آصل روڈجودھوپھاٹک سے کھاراچوک روہی نالہ کے ذریعے برہان چوک سے براستہ بارا آئل ملزچوک نثار ملزکے بالمقابل مختص کی گئی پارکنگ نمبر9میں بھجوایاجائیگا۔ بھٹی چوک سے آنے والی گاڑیوں کوبرہان چوک براستہ بارہ آئل ملزچوک ،زراعت آفس کے سامنے واقع پارکنگ نمبر9میں پارکنگ کریں گے۔خواص روڈ اورسندرروڈ کوایمرجنسی گاڑیوں اورفائربریگیڈ کی گاڑیوں کیلئے کلیئررکھاجائے گا۔
