18تھانوں کے ایس ایچ او زکے خلاف محکمانہ کارروائی کی رپورٹ پیش
لاہور(نامہ نگار) عدالتی حکم پر سی سی پی او لاہور نے 18تھانوں کے ایس ایچ او زکے خلاف محکمانہ کارروائی کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نوید اشرف اعوان نے عدالتی احکامات پرعمل درآمد نہ کرنے پرسی سی پی او لاہور کو مذکورہ بالا تھانوں کے ایس ایچ او زکے خلاف کارروائی کا حکم دے رکھا ہے۔عدالت نے ناجائز اسلحہ کے مقدمہ میں ملوث ملزمان کے گواہان کو بروقت پیش نہ کرنے پر ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو طلب کر رکھا تھا،مگر وہ پیش نہیں ہورہے تھے۔رپورٹ کے مطابق سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی آپریشن کو ایس ایچ اوز کے خلاف غفلت کرنے پرکارروائی کی سفارشات بھجوا دی ہیں۔ڈی آئی جی آپریشن کارروائی کر کے تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے ۔جن تھانوں کے ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی رپورٹ پیش کی گئی ہے ان میں نشتر کالونی، کوٹ لکھپت، فیکٹری ایریا،قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، لیاقت آباد،گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن،اچھرہ،وحدت کالونی، سمن آباد،شادمان، ملت پارک، نصیر آبادلٹن، گلبرگ، نواب ٹاؤن،ستوکتکہ، گرین ٹاؤن شامل ہیں۔
