کرپٹ ممبران پارلیمنٹ کیخلاف زیر التوا مقدمات فوری نبٹائے جائیں: بھارتی سپریم کورٹ
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)ہندوستانی سپریم کورٹ نے مودی سرکار کو حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوان اور کرپٹ ممبران پارلیمنٹ اور اراکین لوک سبھا کے خلاف زیر التوا مقدمات کو جلد حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور عدالت کو بتا یا جائے کہ ممبران پارلیمنٹ کے خلاف کتنے مقدمات زیر التواء ہیں؟عدالت ان مقدمات کو نمٹانے کے لئے فاسٹ ٹریک عدالتوں کی طرز پر خصوصی عدالتیں بھی قائم کر سکتی ہیں۔بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’این ڈی ٹی وی‘‘ کے مطابق جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی میں بھارتی سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے مودی سرکار کو دیئے گئے اپنے عبوری فیصلے میں کہا ہے کہ بد عنوان اور کرپٹ ممبران پارلیمنٹ اور اراکین لوک سبھا کے خلاف زیر التوا مقدمات کو جلد حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں،مقدمات تیزی کے ساتھ نمٹانے کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتوں کی طرز پر خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جا سکتی ہیں۔سپریم کورٹ نے یہ عبوری حکم بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اشونی اپادھیائے کی جانب سے درخواست کی سماعت کے بعد جاری کیا ہے، اس درخواست میں بد عنوانی اور کرپشن کیسز میں مجرم قراردیئے گئے ممبران پارلیمنٹ اور اراکین لوک سبھا پر تاحیات پابندی لگانے کی گزارش کی گئی ہے۔
