انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا فرنٹیئر فاؤنڈیشن کا دورہ
پشاور( سٹاف رپورٹر)ا نجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے گزشتہ روز فرنٹئیر فاؤنڈیشن کا دورہ کیا ۔ انہوں صاحبزادہ محمد حلیم، چیف ایگزیکٹیو فرنٹئیر فاؤنڈیشن سے ملاقات کی اور بعد ازاں تھلیسمیا کے شکار بچوں سے بھی ملے ۔اس موقع پر انجینئرنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کلب ڈاکٹر صمد بصیر، روٹریکٹ سٹوڈنٹس سوسائٹی کے طلبا ء بھی موجود تھے۔ روٹریکٹ سٹوڈنٹس سوسائٹی کے طلباء نے اس موقع پربچوں کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ اس دورے کا اہتمام انجینئرنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا اینڈ پبلیکیشن نے کیا تھا۔ ڈاکٹر شمائلہ فاروق، ڈائریکٹر میڈیا نے اس موقع پر کہا کہ یہ دورہ ہمارے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کا حصہ ہے۔صاحبزادہ محمد حلیم، چیف ایگزیکٹیو فرنٹئیر فاؤنڈیشن نے اس موقع پر کہا کہ فرنٹئیر فاؤنڈیشن ایک فلاحی ادارہ ہے جو تھلیسمیا میں مبتلا بچوں کو بلا معاوضہ خون کے عطیات فراہم کرتی ہے۔ یہ ادارہ 2003میں قائم کیا گیا ۔فرنٹئیر فاؤنڈیشن کے دیگر سینٹرز کوہاٹ اورسوات میں بھی تھلیسمیا میں مبتلا بچوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے فرنٹئیر فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہاتی کراتے ہوئے کہا کہ فرنٹئیر فاؤنڈیشن کو جب بھی خون کی عطیات کی ضرورت محسو س ہو تو انجینئرنگ یونیورسٹی کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی تھلیسمیا سے بچاؤ کے اگاہی کے حوالے سے جلد ایک سیمنار کا انعقاد بھی کریگی۔ بعد ازاں انہوں نے صاحبزادہ محمد حلیم، چیف ایگزیکٹیو فرنٹئیر فاؤنڈیشن کو یونیورسٹی کی شیلڈ پیش کی۔
