کاٹلنگ،دیگیں پکانے کے ریٹ کے مسئلے نے سنگین صورت حال اختیار کرلی

کاٹلنگ،دیگیں پکانے کے ریٹ کے مسئلے نے سنگین صورت حال اختیار کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مردان (بیورورپورٹ)کاٹلنگ کے علاقہ کہوئی برمول میں دیگیں پکانے کے ریٹ کے مسئلے نے سنگین صورت حال اختیار کرلیا مقامی اصلاحی کمیٹی اورکاریگروں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی ،تفصیلات کے مطابق علاقہ کہوئی برمول میں دیگیں پکانے والے کاریگروں (نائیوں) نے دیگ کی مزددوی دوسو روپے سے بڑھاکر تین سوروپے مقررکردی جس کے خلاف علاقے کے مقامی اصلاحی کمیٹی نے سخت نوٹس لے کر پہلے کاریگروں کو اپنا فیصلہ واپس لینے کو کہا اوربعد میں علاقے کے مساجد میں اعلانات کرکے انہیں گھر وں سے بھی خالی کرانے کا حکم دیا اس حوالے سے کاریگرمحمد گل اور اس کے بیٹے انورسلیم نے میڈیا کوبتایاکہ ہم نسلوں سے اس علاقے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں مہنگائی کی وجہ سے ہم نے دیگ پکانے کا ریٹ بڑھا یا تو مقامی اصلاحی کمیٹی ہمارے خلاف ہوگیا اورہمیں اپنا فیصلہ واپس لینے کو کہا اور ساتھ ہی فیصلے واپس نہ لینے کی صورت میں علاقے سے بے دخل ہونے کافیصلہ دیا جبکہ ہمارے چھ خاندان پناہ کیلئے دیگر علاقوں میں منتقل ہوگئے ہیں ادھر اصلاحی کمیٹی کے صدر حق نواز خان ،جنرل سیکرٹری بازید خان ،نورعلی خان ،منورخان اور سابق ناظم عمرنواب نے دیگر مشران کے ہمراہ مردان پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کاریگروں کے الزامات کو مسترد کردیااورکہاکہ ان کاریگروں کو علاقے کے عوام شادی بیاہ اورخوشی کے مواقع پر ’’ تورہ ‘‘ کے نام پر الگ ادائیگی کرتے ہیں جبکہ ہر فصل میں ان کو فی گھر سے گندم اور جوار دیاجاتاہے علاقہ انہتائی غریب ہے اور ان کاریگروں کو دیگ پکانے اورتورہ کے ریٹ واپس لینے کے لئے کہاگیاتاہم ان کاریگروں نے کمیٹی کواپنا موقف دینے کی بجائے علاقے کے حجروں اورمساجد میں اعلانات کئے جس میں لوگوں سے کہاگیاکہ وہ مزید خدمت نہیں کرسکتے اورعوام اپنے لئے خود بندوست کریں اصلاحی کمیٹی کے مشران کا کہناتھاکہ کسی کو بھی گھروں سے بے دخل نہیں کیاگیا تاہم وہ افراد جو بغیر معاوضے گھروں میں رہ رہے تھے ان سے کہاگیاہے کہ وہ دیگر کاریگروں کے لئے مفت دیئے گئے مکانات خالی کریں انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا دریں اثناء واقعے کی تحقیقات کے لئے ڈپی او مردان ڈٖاکٹر میاں سعید احمد کی ہدایت پر بننے والی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی ہے ڈی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے رابطے پر بتایاکہ کاریگروں کی طرف سے اٹھائے گئے نکات محض ڈرامہ قرارہے اوراس کا دورتک حقیقت سے تعلق نہیں انہوں نے کہاکہ نائی برادری کے لوگ اپنے گھروں کو خود نہیں جارہے اور ان لوگوں نے خود ہی مساجد میں اعلانات کئے ہیں ان کامزید کہناتھاکہ کسی کو زبردستی گھروں سے بے دخل نہیں کیاگیاہے جو لوگ اپنے گھروں کو جاناچاہتے ہیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیاجائے گا ۔