آزاد کشمیر کے تمام بڑے شہروں میں بین الاقوامی معیار کے سٹیڈیم تعمیر کرینگے :فاروق حیدر

آزاد کشمیر کے تمام بڑے شہروں میں بین الاقوامی معیار کے سٹیڈیم تعمیر کرینگے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد (بیورورپورٹ )وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام بڑے شہروں میں بین الاقوامی معیار کے سپورٹس سٹیڈیم بنائیں گے ۔ آزاد کشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے فنڈز کی کمی کوآڑے نہیں آنے دیں گے ۔میر پور اور مظفرآباد سٹیڈیم میں فلڈ لائیٹس لگوائی جارہی ہیں۔ جبکہ راولاکوٹ ، کوٹلی اور باغ کے سٹیڈیم کوبہتر بنایا جارہا ہے ۔ سکوائش اور بیڈمنٹ کمپلیکس کیلئے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے سٹی کیمپس کی شفٹنگ کے بعد اس جگہ پر کھیلوں کے میدان بنائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے اور انھیں تفریح کی بہتر سہولیات میسر آسکیں ۔ خواتین کے لیے بھی سپورٹس کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں تاکہ انہیں بھی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام لاہور قلندر کی ٹیم کے دورہ کے دوران بہترین کارکردگی دیکھانے والوں کو شیلڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید ، سیکرٹری سپورٹس راجہ عباس خان نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ تقریب میں وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ خواجہ احسن ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سردار پرویز اختر بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ محکمہ سپورٹس نے لاہور قلندر کی آمد پر بین الاقوامی معیار کا ٹورنامنٹ منعقد کروایا جس کو پوری دنیا میں سراہا گیا ۔ کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر محکمہ سپورٹس کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ محکمہ سپورٹس کو انکی ضروریات کے مطابق فنڈز فراہم کریں گے ۔ تمام اضلاع اور تحصیل کی سطح پر سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین جم بنانے کے لیے 32ملین روپے کی ترقیاتی سکیم منظوری ہو چکی ہے ۔ صحت مندسرگرمیوں میں حصہ لینے کا خواتین کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا مردوں کا ۔ خواتین کو بھی بھر پور مواقع مہیا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کامعاشرہ پرامن ہے جس کا کریڈٹ علماء ، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کو جاتا ہے۔ پرامن ماحول میں کھیلوں کو بھر پور انداز میں فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ آئندہ سال یوم تاسیس کی تقریب زیادہ بڑے پیمانے پر منائیں گے جس میں پاکستان آرمی کی شمولیت بھی یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندر کی آمد پر میڈیا نے ایونٹ کو بھر پور کوریج دی جس پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی آبادی کا 60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے حکومت تمام تر وسائل برئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر ریاست بھر میں سپورٹس سٹیڈیم اپ گریڈ کئے جا رہے ہیں۔ جملہ تعلیمی اداروں کے ہمراہ بھی کھیلوں کے میدان تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ تاکہ طلباء و طالبات کو صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات میسر آ سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید نے کہا کہ میر پور میں ایک بڑی کار ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ میڈیا اس کار ریلی کو بھر پور کوریج دے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ اطلاعات کا خصوصی شکریہ ادا کیا جس نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی کوریج کے احسن انتظامات کیے ۔ تقریب کے آخر میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔