شرجیل میمن پر الزام ثابت کرنا نیب کی ذمہ داری ہے،سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ شرجیل میمن پر ابھی الزام ہے نیب کی ذمہ داری ہے کہ وہ الزام ثابت کرے۔ وہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں نیب کی کاروائیوں پر تفریق واضح ہے۔ میاں صاحبان پر نیب نے ریفرنس دائر کئے ہیں لیکن انہیں گرفتار کوئی نہیں کرتا نیب نے شرجیل میمن کے گرفتاری کے وارنٹ آج تک جاری نہیں کئے۔ شرجیل میمن کو عدالتی احاطے کے اندر سے گرفتار کیا گیا جو خلاف قانون ہے اس پر عدلیہ کو نوٹس لینا چاہئے سعید غنی نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے لیے ایسا معیار نہیں اپنایا گیا یہ دوہرا معیار پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے اس پر اعتراض کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں مردم شماری کے نتائج پر ابتدا میں ہی اعتراض کیا تھا سندھ حکومت کی درخواست کو نہیں سنا گیا مردم شماری کے نتائج کو سب کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے سندھ کی تمام جماعتوں کے مردم شماری پر اعتراضات ہیں۔
