اثاثہ جات ریفرنس،اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور،نیب پراسیکیوٹرکا موقف مسترد،قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

اثاثہ جات ریفرنس،اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور،نیب ...
اثاثہ جات ریفرنس،اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور،نیب پراسیکیوٹرکا موقف مسترد،قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں وزیر خزانہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کر دی اور اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ پر آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی،تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت ہوئی ،مقدمات کی سماعت نیب کورٹ کے جج محمد بشیر نے کی ۔
اس موقع پر اسحاق ڈار اور ان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم خواجہ حارث کی جگہ ان کی معاون وکیل عائشہ حامد عدالت میں پیش ہوئیں۔
دوران سماعت معاون وکیل عائشہ حامد نے عدالت میں اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کے سینے میں تکلیف ہے اور کل ان کی انجیوگرافی ہوگی اس لئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انجیوگرافی کی سہولت پاکستان میں دستیاب ہے ، مفتی عبدالقوی کی انجیوگرافی پاکستان میں ہوئی ہے تووفاقی وزیر خزانہ کی بھی ہو سکتی تھی، میڈیکل سرٹیفکیٹ میں انجیوگرافی کا بتایا گیا جو تشخیصی ٹیسٹ ہے،ڈاکٹرز کے مطابق اسحاق ڈار 4،5منٹ سے زیادہ واک نہیں کرسکتے،اسحاق ڈار کو ورزش کے بعد سانس پھولنے کا بتایا گیا، میڈیکل سرٹیفکیٹ میں کسی بیماری کا ذکر نہیں، انہوں نے کہا کہ چاروں گواہ موجودلیکن ملزم غیرحاضر ہے،اسحاق ڈار کی درخواست اور میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کئے جائیں اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں ۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ فزیشن کلینک کی تیارکردہ ہے، یہ سرکاری ہسپتال کانہیں،پرائیوٹ کلینک کا میڈیکل سرٹیفکیٹ ہے جس کی تصدیق ہونا ضروری ہے کہ سرٹیفکیٹ اصل ہے بھی یا نہیں
احتساب عدالت کے جج نے نیب کو ہدایت کی کہ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرالیں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے استفسار کیاکہ اسحاق ڈارکہاں ہیں؟۔
ضامن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈارعلاج کےلئے لندن میں ہیں۔
عدالت کا ضامن کو حکم دیا کہ یہ بیان تحریری طورپرجمع کرائیں۔
احتساب عدالت نے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خزانہ کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی اور نیب کا موقف مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:۔’مریم نواز جب جھوٹ بولتی ہیں تو ان کی ۔۔۔ ‘ لندن میں ن لیگ کی بیٹھک میں نواز شریف کو مریم کے بارے میں کیا بتایا گیا اور کیا فیصلے ہوئے؟ سہیل وڑائچ اندر کی تمام کہانی سامنے لے آئے

مزید :

قومی -اہم خبریں -