متحدہ کے سابق ڈپٹی ناصر جمال نے’’ پتنگ ‘‘سے رشتہ توڑ کر’’ ڈولفن‘‘ سے پینگیں بڑھا لیں
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم کیو ایم کی پتنگیں کٹنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ ڈولفن سے دوستیاں بام عروج پر پہنچ چکی ہیں، ایم کیو ایم کے سابق ڈپٹی کنوینر ناصر جمال پی ایس پی میں شامل ہو گئے جبکہ انیس قائم خانی نے متحدہ کے سینکڑوں کارکنوں کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحد ہ قومی موومنٹ کے سابق ڈپٹی کنوینر ناصر جمال کا پتنگ اڑانے کا شوق ختم ہوگیا اور انہوں نے کئی تنظیمی عہدیداروں سمیت مصطفی کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ شمولیت کی تقریب میں انیس قائم خانی نے نام لئے بغیر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار پر طنز کے خوب نشتر برسائے، ان کا کہنا تھا کہ متحدہ، پی ٹی آئی سمیت کئی جماعتوں کے سینکڑوں لوگ پی ایس پی میں آ رہے ہیں۔جبکہ ناصر جمال کا کہنا تھا کہ متحدہ پاکستان انتشارکا شکار ہے اور اس میں قیادت کی جنگ چل رہی ہے، کئی رہنما اور پارٹی کارکنان پاک سرزمین میں شمولیت کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
