ٹیکس دہندگان اور وصول کنندگان کے درمیان عدم اعتماد کا خاتمہ کیاجائے:شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایف بی آر کا نادرا،بنکوں اور صوبائی اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ ہونا چاہیے ، ٹیکس دہندگان اور وصول کنندگان کے درمیان عدم اعتماد کا خاتمہ کیاجائے، ہر کسی کو ٹیکس ادا کرنے اور قومی فرض نبھانے پر راغب کیا جائے، ٹیکس ریٹرن فارم کو مزید آسان بنایا جانا چاہیے اور ٹیکس اصلاحات کیلئے فریقین کی مشاورت سے نظامیاتی اصلاحات کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکس اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر ،مفتاح اسماعیل، ٹیکس اصلاحات کمیشن کے ارکان اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ اجلاس کو انتہائی ناگزیر ٹیکس اصلاحات متعارف کرانے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ ٹیکس نیٹ میں اضافے ،محصولات کے نظام کو آسان بنانے پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو آڈٹ نظام میں معیار کے لحاظ سے بہتری لانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں ٹیکس محصولات کے نظام کو مزید بہتر اور دوستانہ بنانے سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی ۔
