سرکاری زمین پر قبضہ: دانیال عزیز کے والد، تحصیلدار، گوداور، پٹواری، سپردار کے خلاف مقدمہ درج
سرگودھا (ویب ڈیسک) محکمہ لائیو سٹاک کی زمین پردھوکہ دہی سے قبضہ کرنے، اختیار کے ناجائز استعمال پر ن لیگ کے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کے والد انور عزیز، تحصیلدار گرداور، پٹواری اور سپردار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
روزنامہ دنیا کے مطابق اینٹی کرپشن سرگودھا نے چک نمبر 170/172 شمالی میں واقع محکمہ لائیو سٹاک کی 2385 کنال، 15مرلے اراضی گزشتہ ماہ واگزار کروائی تھی، رقبہ کی واگزاری کے بعد محکمہ مال کے ریکارڈ قبضہ میں لے کر انکوائری شروع کی گئی جس میں تصدیق ہوگئی کہ 1970ءمیں انور عزیز نے پنجاب بورڈ آف ریونیو سے 20 سال کے لئے رقبضہ لیز پر لیا تھا، بعد میں دس سال کے لئے اس کی معیاد بڑھادی گئی تھی، مدت لیز سال 2000ءمیں ختم ہوگئی تھی لیکن انور عزیز نے محکمہمال کے حکام کی ملی بھگت سے قبضہ نہ چھوڑا، سال 2000ءسے لے کر سال 2018ءتک اس رقبہ کا لگان کروڑوں روپے بنتا ہے۔
اینٹی کرپشن نے انور عزیز، نائب تحصیلدار سلانوالی سید سبط الحسن شاہ، گرداور امیر خالد، پٹواری محمد ریاض اور اللہ دتہ چوکیدار (سپردار) کے خلاف اختیار کا ناجائز استعمال کرنے، دھوکہ دہی، فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔