وفاقی چیمبرکاروباری ادارہ بن چکا ہے، نیب زدہ افراد قابض ہیں

  وفاقی چیمبرکاروباری ادارہ بن چکا ہے، نیب زدہ افراد قابض ہیں

  



پشاور(سٹی رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے مرکزی رہنما مرزا عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں ایک بار پھر مصنوعی قیادت مسلط کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ وفاقی چیمبر میں کسی قیمت پر الیکشن کے بجائے سلیکشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور اٹک چیمبر کے گروپ لیڈرمرزا عبدالرحمان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایف پی سی سی آئی پر قابض مافیا نے آمدہ الیکشن ہائی جیک کرنے کے لئے سازشوں کا بازار گرم کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل نے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بزنس مین پینل کی جانب سے دائر کئے گئے اعتراضات سنے بغیر مسترد کر دئیے جس نے آمدہ الیکشن کی شفافیت پر سوال کھڑے کر دئیے ہیں۔ایف پی سی سی آئی اور اسکے اعلیٰ عہدیداروں کو کٹھ پتلی کی طرح چلانے والی بڑی سرکار اس وقت علاج کی غرض سے ملک سے باہر ہیں اللہ انھیں صحت دے انہی کے کہنے پر قوانین کو پامال اورحسب سابقہ آمدہ انتخابات میں جعلی قیادت کو مسلط کیا جا رہا ہے۔ ایف پی سی سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے والا ادارے کے بجائے کاروباری ادارہ بن چکا ہے جس پر نیب زدہ افراد قابض ہیں اور اسکی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔ تاجروں اور حکومت کے مابین حالیہ محاز آرائی میں بھی یو بی جی کی ایما پر ایف پی سی سی آئی نے انتہائی منفی کردار ادا کیا جس سے اسکی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی اور تاجروں نے انکی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے معاملات خود حل کرنے کے لئے کوششیں کیں۔ تاجروں اور حکومت کی کشمکش کے دوران ملک کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچا جس کی ذمہ داری یو بی جی اور ایف پی سی سی آئی کی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ مرزا عبدالرحمان نے کہا کہ یو بی جی کے امیدواروں میں پراپرٹی ڈیلروں اور وفاقی چیمبر میں بیٹھ کر ویزوں کا لین دین کرنے والوں سمیت ایسے لوگ بھی شامل ہیں جن کا کوئی کاروبار تک نہیں جبکہ بزنس مین پینل کے امیدواروں میں بے داغ ماضی رکھنے والے ملک کے چوٹی کے ٹیکس دھندگان شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یو بی جی نے ہمیشہ کاروباری برادری کو دھوکہ دیا ہے اور معاشی محاز پر انکی کارکردگی ذاتی فائدوں کے حصول تک محدود ہے۔ اس بار بھی انھوں نے تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے نت نئے وعدوں کے جال پھیلا رکھے ہیں مگر ان ووٹر انھیں پہچان چکے ہیں اور دوباری انکے دھوکے میں نہیں آئیں گے

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...