اے اسی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیاء کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔ٹیم کی قیادت ٹاپ آرڈر بیٹسمین سعود شکیل اور نائب کپتانی وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کے سپرد کی گئی ہے۔ایونٹ 12 سے 23 نومبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے لیے 15رکنی قومی اسکواڈ کا انتخاب قومی سینئر اور جونیئر کرکٹ ٹیموں کی سلیکشن کمیٹیز کے ممبران نے باہمی اتفاق رائے سے کیا ہے۔ قوانین کے مطابق اسکواڈ میں شامل 11کھلاڑیوں کی عمر 23 سال سے کم ہوگی جبکہ 23 سال یا اس سے زائد عمر کے حامل4 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے لیے قومی ایمرجنگ اسکواڈ کا انتخاب کھلاڑیوں کی قائداعظم ٹرافی، قومی ٹی ٹونٹی کپ، قومی تین روزہ اور ایک روزہ انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹس میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ایونٹ میں شریک 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، اومان اور سری لنکا جبکہ گروپ بی میں بھارت، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 14 نومبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔قومی ایمرجنگ ٹیم اپنے تینوں گروپ میچز کاکس بازار میں کھیلے گی۔ناک آؤٹ مرحلے کے تینوں میچز میرپور میں کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کے سیمی فائنلز 20 اور 21 نومبر جبکہ فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹیم میں سعود شکیل (کپتان)، روحیل نذیر (نائب کپتان)(وکٹ کیپر)، حیدر علی، عمیر بن یوسف، حسن محسن، خوشدل شاہ، سیف بدر، عمران رفیق، محمد محسن، عاکف جاوید، محمد حسنین، ثمین گل، عماد بٹ، محمد اسداور عمر خان شامل ہیں جبکہ ریزرو میں حسین طلعت، عادل امین، محمد حارث اور عامر علی شامل ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ میں اعجاز احمد (منیجرکم ہیڈ کوچ)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر)، عثمان ہاشمی(اینالسٹ) اور یونس بٹ (سیکورٹی منیجر) شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق پہلا میچ 14نومبر کو پاکستان بمقابلہ افغانستان، دوسرا میچ 16نومبر کو پاکستان بمقابلہ سری لنکا، 18نومبر کو تیسرا میچ پاکستان بمقابلہ اومان کے درمیان ہو گا۔ 20نومبر کو پہلا سیمی فائنل، 21نومبر کو دوسرا سیمی فائنل جبکہ 23نومبر فائنل میچ کھیلا جائے گا۔