عوام شیخ رشید کے استعفے کا بے قراری سے انتظار کررہے ہیں،عاکف سعید

عوام شیخ رشید کے استعفے کا بے قراری سے انتظار کررہے ہیں،عاکف سعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)ریل کے حادثات میں انسانی جانوں کا ضیاع محکمہ اور حکومت کی ناکامی کا بھرپور ثبوت ہے یہ بات امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو وہ حکومت کو یہ لیکچرز دیا کرتے تھے کہ یورپ میں اگر کوئی حادثہ رونما ہو جائے تو محکمہ کا انچارج یا وزیر فوری طور پر مستعفی ہو جاتا ہے چاہے اس حادثے سے وزیر کا براہِ راست کوئی تعلق نہ بھی ہو۔ اُنھوں نے کہا کہ عوام ریلوے کے وزیر شیخ رشید کے استعفیٰ کا بے قراری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں ریلوے کے متعدد حادثات ہو چکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے لیکن شیخ رشید ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید مستعفی نہیں ہوتے تو وزیراعظم اُنھیں برطرف کر دیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اس حادثے میں زندگی سے ہاتھ دھونے والے مسافروں میں اکثریت اُن لوگوں کی تھی جو تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے کے لیے گھر سے نکلے تھے وہ چونکہ اللہ کی راہ میں نکلے تھے لہٰذا ان کی شہادت، شہادت فی سبیل اللہ ہے۔ اللہ جنت میں اُن کے درجات بلند کرے اور اُن کے ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے۔(آمین!) اُنھوں نے کہا کہ مسافروں کو بھی احتیاط سے کام لینا چاہیے اور سفر کے دوران آگ جلانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔بھارت کے اس فیصلے پر کہ وہ مقبوضہ کشمیر کو دو یونین ٹیراٹیریز میں مستقلاً تقسیم کر دے گا کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر یعنی جموں، وادی اور لداخ کے حوالے سے اپنے غیر انسانی اور غیر قانونی قوانین کو دوام بخشنا چاہتا ہے لیکن عالمی ضمیر حسب ِ معمول سویا ہوا ہے۔