بہترین تعلیم اور ہنر سے ہی قوم کو کامیابی نصیب ہوگی‘ ڈاکٹر اطہر محبوب

  بہترین تعلیم اور ہنر سے ہی قوم کو کامیابی نصیب ہوگی‘ ڈاکٹر اطہر محبوب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ اساتذہ اور طلباء کو عالمگیریت سے درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ عالمی مسابقتی فضا ء میں بہترین تعلیم اور ہنر سے مزئین افرادی قوت ہی اپنی قوم کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار نئے آنے والے طلبہ وطالبات کے لیے مرکزی آڈیٹوریم میں تعارفی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حالیہ داخلوں میں (بقیہ نمبر36صفحہ12پر)

112مارننگ اور 84ایوننگ پروگراموں میں داخلہ لینے والے 8000طلبہ وطالبات کے لیے بغداد الجدید کیمپس میں استقبالیہ تقریبات منعقد ہوئیں اور اُنہیں یونیورسٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ اور طلباء میں ایمانداری، تحمل، ماحول دوستی، جدت پسندی، معاملہ فہمی اور دوسروں کے لیے فائدہ مند ہونے کا حامل بننا ہوگا۔ اِنہی اُصولوں پر عمل کر کے ہم سماجی اور معاشی مسائل کا سامنا کر سکتے ہیں۔ طلبہ وطالبات کو انفارمیشن کے مدارج کو سمجھ کر اُن معلومات کو بہترین علم میں بدلنے کا ہنر سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کے لیے ایک سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام تر اقدامات کر لیے گئے ہیں اور امید ظاہر کی کہ طلبہ وطالبات بہتر انداز سے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں سرانجام دے سکیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز، چیف لائبریرین، ٹرانسپورٹ، میڈیکل، سیکورٹی، سپورٹس، فنانشل ایڈ آفس، کیئر یئر ڈویلپمنٹ اینڈ ایلومینائی آفس کے سربراہان نے طلبہ و طالبات کواپنے اپنے شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اطہر محبوب