پوری دنیا میں فیشن انڈسٹری کثیر زرمبادلہ کا ذریعہ بن رہی ہے: لاہور چیمبر 

  پوری دنیا میں فیشن انڈسٹری کثیر زرمبادلہ کا ذریعہ بن رہی ہے: لاہور چیمبر 

  



لاہور (لیڈی رپورٹر)لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا ہے کہ پاکستان فیشن انڈسٹری کی برآمدات سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا اس شعبہ پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیشن انڈسٹری کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حارث عتیق، عظمیٰ شاہد، کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے فیشن اینڈ کلاتھنگ طلعت حفیظ،ملیحہ رحمن، فیصل اقبال شیخ، انعم قاضی اور رانا نعمان نے بھی اظہار خیال کیا۔ علی حسام اصغرنے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں فیشن انڈسٹری کثیر زرمبادلہ کا ذریعہ بن رہی ہے۔ پاکستانی فیشن انڈسٹری کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے فیشن ڈیزائنرز اس وقت پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اگر فیشن انڈسٹری کو سہولیات اور وسائل فراہم کرے تو فیشن انڈسٹری پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ایکسپورٹ بڑھانے میں اولین کردار ادا کرسکتی ہے۔  اس سال لاہور چیمبر آف کامرس میں ایکسپورٹ ایمرجنسی قائم کر رکھی ہے۔ ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس میں باقاعدہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن ڈیسک بھی قائم کردیا گیا ہے۔انہوں نے فیشن ڈیزائنرز پر زور دیا کہ وہ برآمدات کے مواقعوں کا ایک جائزہ لینے کے لیے وفد برطانیہ لیکر جائیں اور وہاں سنگل کنٹری نمائش بھی منعقد کریں۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن حارث عتیق نے بھی فیشن انڈسٹری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس شعبہ کی پوٹینشل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

مزید : کامرس


loading...