مولانا نے طبل جنگ بجا دیا، اپوزیشن میں کوئی دراڑ نہیں، مخالفن خوش فہمی میں نہ رہیں: اسفند یار
پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے طبلِ جنگ بجادیا ہے اور ہم واضح طور پر انہیں کہہ چکے ہیں کہ اس فیصلے میں اے این پی ان کے ساتھ کھڑی ہے، اگر کوئی یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ اپوزیشن میں کوئی دراڑ ہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے،مارچ بارے فیصلہ رہبر کمیٹی کریگی ہم اس پر من و عن عمل کریں گے۔ ولی باغ چارسدہ سے جاری اپنے بیان میں اے این پی سربراہ کا کہاکہ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ الیکشن چرایا گیا ہے اور سب سے بڑا چور عمران خان ہے جس نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ ملک کی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ آج غریب کاکوئی پوچھنے والا نہیں، قوت خرید سے محروم افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے لیکن پالیسی سازوں کو کئی فرق نہیں پڑرہا۔ کپتان کی جانب سے کرپشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اسفندیارولی خان نے ایک بار پھر انہیں چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اپنے خاندان کی ساری جائیداد سامنے رکھتا ہوں،عمران خان انتخابی مہم کے دوران مجھ پر کرپشن کے الزامات لگاتا رہا ہے اور کہا کرتا تھا کہ اسفندیار کے دوبئی اور ملائیشیا میں پلازے ہیں، آج ببانگ دہل چیلنج کرتا ہوں کہ اگر مجھ پر یا میرے خاندان کے کسی فرد پر چوری یا کرپشن ثابت ہوجائے تو سرعام پھانسی دی جائے۔ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، آج ملک میں سلیکٹڈ احتساب ہو رہا ہے ہم اس کا بدلہ سود سمیت لینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تحریک چلانا آتی ہے،ہم سے زیادہ کسی نے تحریکیں نہیں چلائیں، موجودہ حکومت نے جتنا قرضہ لیا کسی جماعت نے نہیں لیا ہے لیکن پھر بھی کپتان اور اسکی ٹیم کی نااہلی کے ثبوت مانگے جارہے ہیں۔ عمران خان کہتا ہے کہ لیڈر یوٹرن لیتا ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ یوٹرن لینا بے غیرتی ہے۔
اسفند یار