ائیر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے پربھٹے بند نہیں کئے جائیں گے،سلمان اعجاز

  ائیر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے پربھٹے بند نہیں کئے جائیں گے،سلمان اعجاز

  



لاہور(سپیشل رپورٹر)سیکرٹری تحفظ ماحول سلمان اعجاز نے کہا ہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے کی صورت میں بھٹے فوری طور پر بند نہیں کئے جائیں گے۔انہوں نے بھٹہ مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر کے ماحول دوست بنائیں اور پورا سال پیداوار حاصل کریں۔ان خیالات کا اظہار سلمان اعجاز نے گزشتہ روزمحکمہ تحفظ ماحول کے کمیٹی روم میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ماحولیات تنویر احمد وڑائچ،ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمن،آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے مرکزی اور پنجاب کے صدور میربہروز ریکی اورخالد پرویز،چیئرپرسن حیدر آباد میر صمد رسانی ودیگر نمائندگان،بھٹہ ایسوسی ایشن اور مالکان سمیت کول ایجنٹس نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر بھٹوں کی بندش کے فیصلے پر غورکرنا تھا۔اس موقع پر آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میربہروز ریکی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں کی بندش سے کول مائننگ اور د یگر روزگار متاثر ہوتے ہیں اور بھٹوں کی بندش سے کوئلہ کی پروڈکشن اور سٹوریج بھی متاثر ہو گی۔ سیکرٹری تحفظ ماحول نے کہا کہ حکومت کا مقصد عام آدمی کو بے روزگار کرنا ہرگز نہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بھٹہ مالکان جدید ٹیکنالوجی اپنائیں تاکہ ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔

 سلمان اعجاز 

مزید : صفحہ آخر


loading...