فروغ نسیم حکومت کی غلط رہنمائی کرتے ہیں، بار سے کوئی تعلق نہیں، وہ پیرا شوٹر ہیں 

فروغ نسیم حکومت کی غلط رہنمائی کرتے ہیں، بار سے کوئی تعلق نہیں، وہ پیرا شوٹر ...

  



لاہور(نامہ نگارخصوصی)سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر سید قلب حسن نے وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا،ان کا کہناہے کہ فروغ نسیم ہرلمحے حکومت کی غلط راہنمائی کرتے ہیں،ان کا بار سے کوئی تعلق نہیں،وہ پیراشوٹر ہیں۔وہ وکلاء کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن وکلاء نے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی،جس کاثبوت ان کے امیدوار کی شکست ہے۔عاصمہ جہانگیر گروپ سے تعلق رکھنے والے نومنتخب صدر نے مزیدکہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کی جدوجہد میں بھرپور کردار اداکیا جائے گا،وہ وکلاء کے مسائل حل کرنے کی مقدور بھر کوشش کریں گے۔انہوں نے اپنی حمایت پر وکلاء کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی،مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کا شکریہ بھی اداکیا،سپریم کورٹ بارکے نومنتخب عہدیداروں کے لاہورہائی کورٹ بار کے دورہ کے موقع پر سپریم کورٹ بار کے نومنتخب سیکرٹری شمیم الرحمن ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور آئین اور قانون کی بالادستی کو قائم رکھنے کے لئے عملی اقدامات کریں گے،وکلا ء سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے، سندھ کی نشست پر منتخب ہونے والے نائب صدرعدنان احمد نے کہاکہ میں اورمیرے گروپ نے جس منشور پر الیکشن لڑا اسے مکمل کریں گے،عاصمہ جہانگیر گروپ سے تعلق رکھنے والے عدنان احمد نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں ہمارے سیکرٹری کے امیدوارکے سوا تقریباًتمام امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جوپورے پاکستان کی وکلاء برادری کا ہمارے گروپ پر اظہارِ اعتماد ہے، ہم اپنے منشور پر قائم ہیں اور اس پرعمل درآمد ہوگا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کے مسائل جن میں ہاؤسنگ سوسائٹی، ہاسٹل، کاز لسٹ وغیرہ شامل ہیں کو جلد ازجلد حل کرائیں گے۔پنجاب کی نشست پر منتخب ہونے والے نائب صدر غلام مرتضیٰ چودھری کاکہناہے کہ وکلاء قانون کی حکمرانی،آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے معاملہ پر متحد ہیں،وکلاء کو تقسیم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکتیں،سپریم کورٹ بار کے نومنتخب عہدیدارجب وکلاء کا شکریہ اداکرنے کے لئے لاہور ہائی کورٹ بار پہنچے تو ان کے حامیوں کی طرف سے انہیں پھولوں کے ہارپہنائے گئے،وکلا نے ان کاشاندار استقبال کیااور مٹھائیاں تقسیم کیں،پروفیشنل گروپ کی طرف سے گروپ کے سربراہ حامد خان اور سپریم کورٹ با رکے نومنتخب سیکرٹری شمیم الرحمن ملک کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیاگیا۔

قلب حسن

مزید : صفحہ آخر


loading...