فضل الرحمن سینئر سیاستدان، جمہوری مسائل جمہوری طریقے سے حل ہونے چاہئیں، فوج غیر جانبدار ہے، مولانا بتائیں کس ادارے کی با ت کررہے ہیں: میجر جنر ل آصف غفور

فضل الرحمن سینئر سیاستدان، جمہوری مسائل جمہوری طریقے سے حل ہونے چاہئیں، فوج ...

  



راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور  نے کہا ہے  کہ سڑکوں پرآکر الزام تراشی سے مسائل حل نہیں ہوں گے،جمہوری مسائل جمہوری طریقے پرہی حل ہونے چاہئیں، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سینیئر سیاستدان ہیں جو بات کہتے ہیں انھیں معلوم ہوتا ہے کیا کہہ رہے ہیں، پہلی بات تو ان سے یہ پوچھنے کی ہے کہ وہ کس کی بات کررہے ہیں، ان کا اشارہ الیکشن کمیشن،عدالتوں یا فوج کی طرف ہے؟ اگر انہوں نے فوج کی بات کی ہے تو اپوزیشن کے سمجھنے کی بات ہے کہ فوج غیرجانبدار ادارہ ہے، ہم آئین اور قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہماری سپورٹ ایک جمہوری منتخب حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، کسی ایک جماعت کیلئے نہیں، اگر الیکشن کی شفافیت سے متعلق شکایت ہے تو تحفظات متعلقہ ادارے کے پاس لے کر جائیں۔ان کا کہنا ہے کہ فوج نے الیکشن میں آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کی، الیکشن کو ایک سال گزر گیا ہے، اس کے باوجود ان کا آئینی حق ہے کہ تحفظات متعلقہ ادارے کے پاس لیکر جائیں، مولانا فضل الرحمان اپنے تحفظات متعلقہ اداروں کے پاس لے کر جائیں کیوں کہ سڑکوں پرآکر الزام تراشی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ ہمیں جمہوری روایات اور طریقوں کے مطابق چلنا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹی بنی ہے، وہ آپس میں بہتر کوآرڈیشن کررہی ہیں، امید ہے کہ کمیٹیوں کا کام بہترطریقے سے آگے چلے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فوج ایک قومی اور غیرجانبدار ادارہ ہے، حکومت کے ساتھ آئین اور قانون کے دائرہ میں رہ کر سپورٹ کررہے ہیں، آگے کیا صورت حال بنتی ہے، اس میں بھی قانون اور آئین کے تناظر میں جو بھی فیصلہ حکومت کرے گی، قانون کے مطابق اس پر کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کو کسی بھی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جان اور مال کی قربانی دے کر ملک میں امن قائم کیا، پاکستان نے گذشتہ 20سال بہت مشکل وقت گزارا ہے،بہادر قبائل اور عوام نے گزشتہ دو دہائیاں مشکل میں گزاریں،کے پی کے عوام کو اب فلاح و بہبود کی ضرورت ہے،کے پی کے عوام نے بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا،انہوں نے کہا کہ 27فروری کو بھارتی شر انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا،اس وقت بھی لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ہے، لاکھ فوج مشرقی سرحدپر فرائض انجام دے رہی ہے، بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا،  مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی بربریت و ظلم جاری ہے،ایل او  سی پر بھی معصوم کشمیریوں کو شہید کیا جارہاہے۔

 ترجمان پاک فوج

مزید : صفحہ اول


loading...