وزیراعلٰی عثمان بزدار کا جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھی جائے کیونکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ او رقیام ا من سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیساتھ ساتھ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی مانیٹرنگ جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ کو صوبے میں قیام امن کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دریں اثناؤزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے زیرصدارت سپیشل اکنامک زون اتھارٹی پنجاب کاتیسرا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبے میں صنعتی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی چارہزار ایکڑاراضی پر محیط ہوگااوراس انڈسٹریل سٹی میں صنعتیں لگنے سے تقریباً اڑھائی لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اجلاس میں بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ 483ایکڑ رقبے پر بنے گااوراس انڈسٹریل اسٹیٹ سے جنوبی پنجاب میں صنعتی عمل تیز ہوگا۔اجلاس میں میانوالی میں نجی شعبے میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میانوالی کے سپیشل اکنامک زون 238ایکڑ اراضی پر بنایا جائے گا۔اجلاس میں لاہورمیں نجی شعبے میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہور میں سپیشل اکنامک زون 231ایکڑ اراضی پر بنے گا جبکہ قائد اعظم اپیریل پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد اگلے ماہ کے وسط میں رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پرسرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دیں گے۔سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ روزگاربھی ملے گا۔وزیراعلیٰ نے سپیشل اکنامک زونز کے قیام کے حوالے سے متعلقہ امور جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔بعدازاں سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامع مسجد کی توسیع، تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسجد اور وضو خانے کا دورہ کیا اور مسجد کی تعمیر نو کے کاموں کی تعریف کی۔ اس موقع پر سانحہ تیزگام کے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور المناک حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے دعا کرائی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مظفرگڑھ کے علاقے میر ہزار خان میں نوجوان پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مظفرگڑھ سے رپورٹ طلب کرلی۔
سردار عثمان بزدار