نواز شریف کی طبیعت ایک بار پھر خراب،پلیٹ لیٹس 38 ہزاررہ گئے،ڈاکٹر عدنان کا ٹوئٹ

نواز شریف کی طبیعت ایک بار پھر خراب،پلیٹ لیٹس 38 ہزاررہ گئے،ڈاکٹر عدنان کا ...
نواز شریف کی طبیعت ایک بار پھر خراب،پلیٹ لیٹس 38 ہزاررہ گئے،ڈاکٹر عدنان کا ٹوئٹ

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )سروسز ہسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نوازشریف کے پلیٹ لیٹس میں ایک بار پھر کمی ہو گئے، نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے،گزشتہ رات ایک بار پھران کے پلیٹ لیٹس55 ہزار سے کم ہو کر میں 38ہزار رہ گئے ۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے،ٹوئٹر بیان میں ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ تمام کوششوں کے باوجود نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور ان کے علاج کے نتیجے میں مزید طبی مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ نوازشریف کو جان بچانے والی ادویات دی جارہی ہیں اور ان کی جان بچانے کیلئے انتہائی نگہداشت کی جارہی ہے، ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹیرائیڈز لگانے کے باوجود نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد پوری نہیں ہورہی، پلیٹ لیٹس کی تعداد اس سطح پر نہیں آرہی جہاں نوازشریف کی جان کو خطرہ نہ رہے، پلیٹ لیٹس کی مقدارمناسب سطح پرنہ ہونے سے ہارٹ اٹیک، سٹروک اوربلیڈنگ کاخطرہ موجود ہے۔

دوسری طرف میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا گیارہویں روز بھی مکمل میڈیکل چیک اپ کیا۔ خون کے تازہ نمونے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 51 ہزار ہونے کی وجہ سے نواز شریف کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق چونکہ نواز شریف کا شوگر لیول اوپر جا رہا تھا جس کی وجہ سے نواز شریف کو عارضہ قلب کی ادویات روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت و تندرستی کیلئے امریکہ، یورپ، متحدہ عرب امارات اور ایشیائی ممالک کی طرح لندن میں بھی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جمعہ کو پی ایم ایل این برطانیہ کے زیر اہتمام ہونے والی دعائیہ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس اور رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے کہا کہ اللہ تعالی سابق وزیراعظم نواز شریف کو عمر خضر عطا کرے، ان کو صحت و تندرستی عطا کرے اور اللہ تعالی انہیں جلد صحت یاب کرے اور ان کی جدوجہد کو قبول کرے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت و تندرستی کیلئے امریکہ، یورپ، متحدہ عرب امارات اور ایشیائی ممالک میں جن لوگوں نے دعائیں کی ہیں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ بیگم کلثوم نواز جب بیمار تھیں تب بھی لوگوں نے فضول گفتگو کی،ہماری اخلاقیات بالکل ختم ہو گئی ہیں۔تقریب کے آخر میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...