آزادی مارچ کے شرکا نے موبائل فون چارج کرنے کا بھی حل نکال لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آزادی مارچ کی شرکا نے موبائل فون کی بیٹری چارج کا حل نکال لیا، دھرنے کے دوران موبائل فون چارج کرنے کےلئے سولر پینل ساتھ لے آئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق آزادی مارچ کے شرکا نے صبح کا آغاز نماز فجر کی ادائیگی سے کیا جس کے بعد گراؤنڈ میں چہل پہل نظرآئی۔ آزادی مارچ کے شرکا نے گراؤنڈ کی صفائی کی تو چند نے بستروں کو لپیٹنا شروع کردیا، جگہ جگہ ناشتے کےلئے سٹال لگ گئے تو کہیں گرما گرم چائے بنتی نظر آئی تو کوئی اخبار پڑھتا نظر آیا۔
تازہ دم ہونے کےلئے شرکا نے دودھ پتی اور حلوے اور نان کا ناشتہ کیا، مارچ کے شرکا ناشتے کے بعد خوش گپیوں میں مصروف نظر آئے۔مارچ کے شرکا جہاں اپنے ساتھ کھانے پینے کا بہت سا سامان لائے ہیں وہیں ایک شخص اپنے ساتھ سولر پینل اور بیٹری بھی لے آیا جس کے فائدہ اٹھاتے ہوئے شرکا سولر پینل سے موبائل فون چارج کررہے ہیں۔