’آج بھارتی شہریوں کو بنا پاسپورٹ آنے کی اجازت دی، کل کو سٹیٹس بھی تبدیل ہوسکتا ہے‘ احسن اقبال نے کرتار پور راہداری کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی

’آج بھارتی شہریوں کو بنا پاسپورٹ آنے کی اجازت دی، کل کو سٹیٹس بھی تبدیل ...
’آج بھارتی شہریوں کو بنا پاسپورٹ آنے کی اجازت دی، کل کو سٹیٹس بھی تبدیل ہوسکتا ہے‘ احسن اقبال نے کرتار پور راہداری کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے بھارتی شہریوں کو بنا پاسپورٹ پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے، کل کو یہ اس کا سٹیٹس بھی تبدیل کرسکتے ہیں، یہ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے اس لیے یہ استعفیٰ دے اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی جانب سے طلب کی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ملکی سلامتی سے کھیل رہی ہے، اس نے معیشت تباہ کردی ہے، ہم سب ان مقاصد کی اس لیے حمایت کر رہے ہیں کیونکہ یہ حکومت پاکستان کی سلامتی کیلئے معاشی میدان میں خطرہ بن سکتی ہے، انہیں ایک ابھرتی ہوئی معیشت ملی تھی لیکن انہوں نے اسے 14 مہینے میں تباہ و برباد کردیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کرتارپور کا پراجیکٹ ان کے حلقے میں ہے، یہ خبر سن کر حیران رہ گیا ہوں کہ وزیر اعظم نے بھارت سے آنے والے سکھ زائرین کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کردی ہے، اگر آپ پاسپورٹ کے بغیر کسی اور ملک میں جاسکتے ہیں تو آپ اس کا سٹیٹس بھی ختم کرسکتے ہیں، نارووال کی دھرتی سے میں پاکستان کا نمائندہ ہوں، میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ وزیر اعظم ایک انڈین شہری کو پاکستان میں بغیر پاسپورٹ کے کیسے آنے دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں اتنے بڑے بڑے بلنڈرز ہورہے ہیں جن کی کوئی مثال نہیں ملتی، کبھی یہ امریکہ میں القاعدہ کو ٹریننگ دینے کے بیان دیتے ہیں اور اب انڈین شہریوں کو بنا پاسپورٹ پاکستان آنے دیے رہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ یہ حکومت مستعفی ہو اور نئے انتخابات کرائے جائیں ۔

مزید : اہم خبریں /قومی


loading...