منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی، کوئی ذی شعور غیر منطقی مطالبے کی حمایت نہیں کر سکتا:عثمان بزدار

منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی، کوئی ذی شعور ...
منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی، کوئی ذی شعور غیر منطقی مطالبے کی حمایت نہیں کر سکتا:عثمان بزدار

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ منتخب وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،کوئی ذی شعور ایسے غیر منطقی مطالبے کی حمایت نہیں کر سکتا،مارچ والے صرف مارچ کرتے ہی رہ جائیں گے۔

آج ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر اپنی ناکامیوں کا بدلہ ترقی روک کر عوام سے لینے کے درپے ہیں،تبدیلی سے خائف عناصر کا منفی ایجنڈا ناکام رہے گا اور نان ایشوز پر سیاست کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا،ملک و قوم کا وقت ضائع کرنے والوں کو اپنے دور میں لوٹے گئے قومی وسائل کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار شفاف ترین حکومت عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ بنا رہی ہے،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے انتشار کی سیاست سے لاتعلق رہ کر حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے، جمہوری نظام میں سیاسی معاملات کے حل کیلئے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے،سڑکیں نہیں،اپوزیشن کو سیاسی بالغ نظری کامظاہرہ کرناچاہیے،ملک میں عدم استحکام کی کوشش کرنیوالوں کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی خلفشارنہیں چاہتے بلکہ ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں،انتشار کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں،الزامات اور دروغ گوئی کی منفی سیاست عوام مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت سے ملک درست سمت کی طرف گامزن ہوا ہے تو انہیں مارچ یاد آگیا ہے،اپوزیشن کے غیر جمہوری طرز عمل سے پاکستان کے بارے میں دنیا کو غلط پیغام جائے گا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے بہاولپور اور مظفرگڑھ کے علاقوں میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے محکمہ زراعت،انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فصلوں کو ٹڈی دل کے حملے سے بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور کاشتکاروں کو نقصان سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے فوری طور پر سپرے کیا جائےممحکمہ زراعت اور انتظامیہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے فضائی سپرے پر خصوصی فوکس کیا جائے اور ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے سائنٹیفک انداز سے موثر مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں اوراداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا، فیلڈ افسران متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں اور کنٹرول روم قائم کرکے صورتحال پر 24 گھنٹے کڑی نظر رکھی جائے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ میں 7 روز میں نو مولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے اور جامع تحقیقات کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچو ں کے جاں بحق ہونے کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں،جاں بحق بچوں کے علاج معالجے میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...